حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے ملک بھر میں یکم تا دس محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ہمیں امید ہے کہ صرف محرم کے مہینے میں نہیں بلکہ آئندہ مہینوں میں بھی سیکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کراچی میں عزاداری و جلوس کے راستوں میں بعض ناقص انتظامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا: کراچی میں جلوسوں کے راستوں کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے جس کو پورا کرنے میں وہ کئی مقامات پر ناکام رہے۔ متعلقہ حکام کو ان امور کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا: رواداری اور باہمی احترام ہمارے مذہب کا حصہ ہیں، ہمیں چاہیئے کہ تمام مسالک کے بنیادی عقائد کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور تمام مسالک کے مذہبی عقائد و رسومات کا احترام کریں۔