حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چذابہ بارڈر عراق پر زائرین کرام کے مسائل حل کرنے کیلئے سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجت الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عراقی اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا ہے تاہم عراقی حکام کی طرف سے مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق، چذابہ بارڈر پر عراقی عملے کی طرف سے پاکستانی زائرین کو پاسپورٹ واپس لینے کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا تھا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ امور خارجہ کے سربراہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے پاکستان میں عراقی سفیر سمیت متعدد عراقی اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے انہیں درپیش صورتحال سے آگاہ کیا۔ عراقی حکام نے اطلاع ملتے ہی مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مجلس وحدت مسلمین شعبۂ امور خارجہ کے میڈیا سیل کے مطابق، عراقی امیگریشن کے اہلکاروں نے پاسپورٹس کی جمع آوری کے وقت کسی خاص ترتیب کا خیال نہیں رکھا جس کی وجہ سے پاسپورٹس کی واپسی میں مشکل پیش آئی اور سخت گرمی سے زائرین کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق، اس خبر کے منظر عام پر آتے ہی حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے از خود عراقی حکام سے رابطہ کر کے صورتحال سے انہیں آگاہ کیا اور مسئلے کے حل کیلئے فوری قدم اٹھانے کی اپیل کی جس پر عراقی حکام نے زائرین کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے اس کے علاوہ نجف اشرف اور بغداد ائیرپورٹ پر پریشان زائرین اور ان کے پاسپورٹس اور ائیر لائینز اور سیاحتی کمپنیوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے وطن واپسی کے وقت زائرین کو پیش آنے والی مشکلات اور پریشانیوں سے بھی عراقی حکام کو آگاہ کیا۔