۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
کشمیر

حوزہ/ اقبال خمینی ہال سرینگر میں قائد اتحاد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری (رح) کی پہلی برسی پر عظیم الشان سیمینار کا انعقاد گیا جس میں دینی، ادبی ،سیاسی اور سماجی شخصیات نے مرحوم انصاری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقبال خمینی ہال سرینگر میں قائد اتحاد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری (رح) کی پہلی برسی پر عظیم الشان سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے وابسطہ علمائے کرام،شعراء حضرات،ادبی ،سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت دانشوروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمنار کا آغاز بعد از نماز ظہرین ہوا جس کے بعد مقررین نے مرحوم کی دینی،علمی،سیاسی و سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری(رح) کو محسن ملت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم دوراندیش، مدبر ،مفکر اور تجربہ کار سیاسی سماجی اور مذہبی رہنما تھے جنہوں نے لالچ و طمع سے عاری سیاست کی اور پسماندہ قوم کو علمی ، سیاسی اور دینی اعتبار سے بیدار کیا ۔

مقررین نے کہا کہ مولانا عباس انصاری کا انتقال سانحہ عظمیٰ تھا اس نقصان کی بھرپائی صدیوں تک ممکن نہیں۔مقررین نے کہا کہ جابر و ظالم کے سامنے ڈٹ جانا اور جابرانہ آمرانہ و غیر منصفانہ نظام کے خلاف آواز اٹھانا مرحوم مولانا محمد عباس انصاری صاحب کا شیوہ حیات تھا جس پر وہ آخری دم تک چٹان کے مانند ڈٹے رہے۔

انہوں نے مرحوم کو اتحاد امت کا عظیم علمبردار قرار دیا اور کہا کہ آپ کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کے تئیں بہترین خراج عقیدت یہی ہے کہ آپ کے علمی مذہبی، سیاسی سماجی مشن کو جاری و ساری رکھا جائے ۔

سیمنار میں مولانا مسرور عباس انصاری کے علاوہ ،آغا سید حسین الموسوی،مولانا شیخ غلام حسین متو،آغا سید مجتبٰی الموسوی،آغا سید یوسف موسوی، آغا سید اعجاز رضوی، مولانا مقبول حسین قمی، ظریف احمد ظریف ،ریٹائرڈجسٹس حکیم امتیاز حسین، پروفیسر غلام علی گلزار،ڈاکٹر آغا سید مدثر،مولانا عاشق حسین سمیت دیگر علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔سیمنار کی صدارت انجمن اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر منظور الحسن نے انجام دئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .