۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس

حوزہ/ امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے امام سید الساجدین علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد کشمیر پاکستان میں جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں خواہر ارم بخاری صاحبہ نے امام سجاد علیہ السلام کی سیرت کو بیان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد کشمیر پاکستان میں امام سجاد علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے جشن کا اہتمام کیا گیا جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، جشن میں نعت رسول مقبول، تقریر، ڈرامہ اور قصیدے پیش کیے گئے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق جشن کے اختتام پر خواہر ارم بخاری صاحبہ صاحبہ نے امام سجاد علیہ السلام کے فضائل کو بیان کیا اور کہا کہ امام زین العابدین علیہ السلام کا علم آل محمد کا علم ہے اور آل محمد کا علم سید الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا علم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ علم آپ علیہ کو آپ کے سالد محترم سید الشہداء امام حسین علیہ السلام سے اور ان کو ان کے جد اعلی سے اور ان کے جد اعلی کو یہ علم جناب جبرائیل امین سے اور جناب جبرائیل کو یہ علم خداسے ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام سجاد علیہ السلام سے بہت سی دعائیں ،علوم ،احادیث، حکمت آمیز باتیں،تفاسیر اور بہت سے حلال و حرام احکام بیان ہوئے ہیں اور ان سب کا مصدر ذات گرامی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔

انہوں نے امام سجاد علیہ السلام کی عبادت بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام جب بھی نماز کے لیے خدا کی بارگاہ میں کھڑے ہوتے تو آپ کا رنگ زرد پڑ جاتا اور جسم کانپنے لگتا جب پوچھا جاتا کہ مولا ایسا کیوں ہوتا ہے تو فرماتے کیا تم نہیں جانتے کہ کس عظیم ہستی کی بارگاہ میں جا رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام ہر اس شخص کے ساتھ نیکی کرتے اور نرمی کا سلوک کرتے جو آپ علیہ السلام کو اذیت دیتا۔امام سجاد علیہ السلام راتوں کو اٹھ کر لوگوں کے گھروں میں ان کی ضروت کی اشیاء پہنچایا کرتے تھے جس کی وجہ سے آپ کی پشت پر نشانات تھے لیکن کسی کو اس بات کا علم نا تھا جب امام سجاد علیہ السلام کو غسل دیا گیا تو آپ کی پشت پر ان بوریوں کی نشانیاں تھیں، جو آپ اپنی پیٹھ پر اٹھایا کرتے تھے۔ امام سجاد علیہ السلام کی تبلیغی سیرت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام نے سخت و دشوار ترین دور میں بہترین انداز میں تبلیغ کرتے ہوئے دین محمدی کو دوام بخشا۔

امام سجاد علیہ السلام کی ولادت کی تبریک پیش کرتے ہوئے خواہر ارم بخاری نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام ایک ایسی آفاقی شخصیت ہیں جن کی سیرت پر عمل پیرا ہونا موجودہ دور کا اہم ترین تقاضا ہے اور دنیا و آخرت کی سعادت و خوشبختی کا ذریعہ ہے۔ جشن کا اختتام دعائے امام زمانہ علیہ السلام سے ہوا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .