حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اھم اجلاس کونسل کے صدر محترم جناب علامہ صاحبزادہ محمد ابوالخیر زبیر کی صدارت میں کونسل کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں جناب لیاقت بلوچ، علامہ عارف واحدی، مولانا اللہ وسایا، مولانا زاھد محمود قاسمی، مولانا مفتی گلزار نعیمی، جناب سید ناصر عباس شیرازی، مولانا سید جعفر نقوی، زاھد علی آخونزادہ، جناب عبداللہ گل، ڈاکٹر سید علی عباس نقوی، جناب طاھر رشید، جناب شیر افضل، مولانا عبدالوحید خان، جناب رضیت باللہ، مولانا عبدالواسع اور دیگران نے شرکت کی۔
اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں کہا: ایک درندہ ریاست کے ہاتھوں ایک عرصہ سے غزہ اور رفح میں نسل کشی جاری ہے۔
انہوں نے کہا: دنیا خاص کر مسلم حکمران مسلسل خاموش ہیں بلکہ اپنے آقاؤں کے اشاروں پر غاصب ریاست کو تسلیم کرنے کے درپے ہیں جو فلسطینیوں کے ساتھ خیانت ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے تازہ صورتحال کے پیش نظر فعالیت کی ضرورت ہے۔ بڑی اور مؤثر پریس کانفرنس،اگلے جمعہ کو پورے ملک میں احتجاج اور مسلم ممالک کے سفرا سے ملاقاتیں کر کے فلسطین کے لئے شعور بیدار کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان، ایران اور افغانستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا: ہمارے ہمسائے ممالک تجارتی حوالے سے ہمارے لئے بہت مفید ہیں۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کر کے عوام کو بڑا ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدرنے کہا: ایرانی صدر کے دورے کے دوران امریکی دھمکیوں کی وجہ سے ہمارے حکمران سہمے ہوئے نظر آئے حالانکہ افغانستان،عراق،ترکی اور دیگر ممالک امریکی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر ایران سے کھلم کھلا تجارت کر رہے ہیں، ہم کیوں اتنی کمزوری دکھا رہے ہیں۔
علامہ واحدی نے کونسل کے کمشنز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ کمیشنز بہت مفید ہیں لیکن ان کو فعال کرنے کے لئے کچھ اقدامات کی اشد ضرورت ہے امید ہے۔ صدر محترم ان اقدامات کی اجازت دیں گے تو کمیشنز اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔