حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے مرکزی شہر ممبئی کے قلب میں واقع جامعۃ الامام امیر المومنین (ع) نجفی ہاوس میں حسب سابق بتاریخ 22 مئی 2024، سالانہ پروگرام بمناسبت ولادت ثامن الائمہ امام رضا علیہ السلام منعقد ہوا۔ جس میں جمہوری اسلامی ایران کے شہداء کو یاد کرتے ہوئے صف ثامن کے طلاب کرام کو ردائے مسئولیت عطا کی گئی اور فارغ التحصیل (صف العاشر) طلاب کی عمامہ پوشی عمل میں آئی، نیز امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلاب کو سند سے نوازا گیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد طلاب کی دست جمعی تواشیح نے سماں باندھ دیا۔
ناظم جلسہ مولانا سید علی عباس عابدی (امید اعظمی) کی سجی ہوئی نظامت نے محفل کو با رونق بنادیا، اس کے بعد طلاب کرام نے بارگاہ امام میں اپنے منظوم کلام پیش کئے، اور آخر میں مدیر جامعہ حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید احمد علی عابدی کی نظارت میں، اساتید جامعہ حجت الاسلام والمسلمین کلب حسن رضوی نے طلاب کرام کی عمامہ گزاری کی اور حجت الاسلام و المسلمين آقای محمد قیصر رضوی نے ردائے مسئولیت سے مزین کیا اور آخر میں ممتاز آنے والے طلاب کرام کو حجت الاسلام و المسلمین آقای سید محمد ذکی حسن صاحب کے دست مبارک سے سند عطا کی گئی۔
پروگرام میں جامعہ کے تمام اساتذہ نے شرکت کی، حجۃ السلام و المسلمین سید محمد ذکی حسن، حجۃ الاسلام و المسلمین سید کلب حسن، حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد قیصر، حجۃ الاسلام و المسلمین جوہر عباس خان، ڈاکٹر شعور اعظمی کے اسماء قابل ذکر ہیں۔
آخر میں حجت الاسلام والمسلمین آقای سید احمد علی عابدی کی مختصر اور جامع تقریر نے ختامہ مسک کا کام انجام دیتے ہوئے جلسے کی شیرینی دوبالا کردی، اور انہیں کے دعائیہ کلمات پر جلسے اختتام پذیر ہوا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجت الاسلام آقای سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی جانگداز شہادت کی بناء پر پروگرام پہ غم کا ماحول چھایا رہا اور نہایت ہی سادہ تقریب کا اہتمام ہوا۔ ساتھ ہی طلاب کو ان کے انعامات بعد میں عطا کرنے کا اعلان کیا گیا۔