ہفتہ 5 اپریل 2025 - 06:53
الازہر کا نتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ، جنگی مجرم قرار دینے پر زور

حوزہ/ جامعۃ الازہر مصر نے ہنگری کی جانب سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے فیصلے کو نظر انداز کرنے کے بعد صہیونی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کو جنگی مجرم کے طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الازہر مصر نے ہنگری کی جانب سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے فیصلے کو نظر انداز کرنے کے بعد صہیونی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کو جنگی مجرم کے طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انتہاپسندی کے خلاف الازہر نے جمعرات کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت عالمی انصاف کی علامت ہے اور عالمی برادری کو جنگی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب ہنگری نے ICC کی جانب سے جاری کردہ بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری کے باوجود نتن یاہو کا استقبال کیا۔

الازہر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام انسان قانون کے سامنے برابر ہیں اور کسی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی یا انسانی جانوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بصورت دیگر دنیا میں "جنگل کا قانون" نافذ ہو جائے گا۔

الازہر نے مزید کہا کہ خاموشی مزید مظالم کی راہ ہموار کرتی ہے، اور غزہ میں جاری مظالم ایک بڑی تباہی کی ابتدائی علامت ہیں۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بین الاقوامی فیصلوں کا احترام محض قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک اخلاقی و انسانی اصول ہے جو دنیا میں امن و انصاف کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نومبر 2024 میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے الزام میں بنیامین نتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ تاہم، اس فیصلے کے باوجود نتن یاہو نے ہنگری کا دورہ کیا اور وہاں کے وزیر اعظم وکٹر اوربان سے ملاقات کی۔

ہنگری پر اس وارنٹ پر عمل درآمد کے لیے دباؤ بڑھنے کے بعد، اس نے ICC سے علیحدگی اختیار کر لی اور اعلان کیا کہ وہ نتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر عمل نہیں کرے گا۔

یہ دورہ انسانی حقوق کے اداروں اور کئی ممالک کی شدید تنقید کا سبب بنا۔ دوسری جانب، بین الاقوامی فوجداری عدالت نے واضح کیا ہے کہ ہنگری اب بھی اس عدالت کے ساتھ تعاون کا پابند ہے۔

نتن یاہو نے ہنگری کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ICC کو "بدعنوان ادارہ" قرار دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha