حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ ہندوستان؛ عظمت حج کے عنوان سے عزاخانہ محلہ جعفری میں ایک سیمینار کا انعقاد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں میں حجاج کرام کے علاوہ علماء، ادباء اور دانشور حضرات نے شرکت کی۔

سیمینار سے مولانا ڈاکٹر شہوار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج ایک روحانی، اخلاقی، تربیتی اور اجتماعی عبادت ہے اسے انجام دے کر انسان گناہوں سے پاک وپاکیزہ ہو کر ایک نئی زندگی کا آغاز کرتا ہے؛ یہی وہ عبادت ہے جس کے ذریعے بندے کو اپنے خالق کا مہمان بننے کا شرف حاصل ہوتا ہے، مہمان کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ اس کے تمام امور کی ذمہ داری میزبان پر ہوتی ہے، روایات میں وارد ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ حجاج کی تمام ضروریات کو پورا کرتا ہے ان کی فریاد رسی کرتا ہے اور ان کی مغفرت فرماتا ہے اور جو مال راہ حج میں خرچ کرتا ہے اس کا دس گنا عطا فرماتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کا مطلب صرف بیت اللہ کی زیارت کرنا نہیں، بلکہ اپنی زندگی میں انقلاب لانے کے ساتھ امت مسلمہ کے مسائل میں غور وفکر کرنا ہے، اللہ تبارک وتعالیٰ نے ایک مرکز پر امت کو اسی لیے جمع کیا، تاکہ وہ ایک دوسرے کے مسائل سے آگاہ ہو کر انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔
مولانا ڈاکٹر احسن اختر سروش نے کہا کہ حج کے سفر سے انسان کو مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے حامل افراد سے شرفِ ملاقات حاصل ہوتا ہے اور ان کے بارے میں معلومات فراہم ہوتی ہیں۔
مولانا سید محمد مصطفیٰ نے سفر مکہ کے دوران پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا اور ارکان حج پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مولانا سید کوثر مجتبی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اہمیت حج بیان کی، جبکہ پروگرام کا آغاز مولانا سید مقداد حسین نے تلاوت قران مجید سے کیا اور سید ہمایوں حیدر نے نعت شریف کا ہدیہ پیش کیا، نظامت کے فرائض ڈاکٹر لاڈلے رہبر نے انجام دئیے۔
اس پروگرام کے مہتمم و منتظم شہر کی معروف شخصیت جناب سید اختر عباس نقوی پروپرائٹر اپو ٹینٹ ہاؤس تھے، جنہوں نے انتہائی محنت و لگن سے اس پروگرام کا انعقاد کیا۔









آپ کا تبصرہ