منگل 17 جون 2025 - 15:23
ہم آپ کے ساتھ ہیں/ حوزہ علمیہ کے علماء و طلاب تعمیر نو سے لے کر زخمیوں کی مرہم پٹی کے لئے آمادہ

حوزہ/ سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ملتِ ایران کے نام اپنے ایک پیغام میں صیہونی مظالم سے متاثرہ ایرانی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ملتِ ایران کے نام اپنے ایک پیغام میں صیہونی مظالم سے متاثرہ عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام میں کہا:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ملتِ شریفِ ایران اور ان ثابت قدم ہم وطنوں کی خدمت میں سلام و درود، جو غاصب اور ستمگر صیہونی ریاست کے حملوں سے متاثر ہوئے۔

ان ایّام میں جب بچوں کی قاتل اور پست فطرت صیہونی حکومت کی کینہ‌توزی اور دشمنی ایرانی عوام کے جسم و جاں کو زخم آلود کر چکی ہے، حوزہ ہائے علمیہ ہمیشہ کی طرح عزم و استقامت کے ساتھ آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک ایرانی کا درد، پوری ملت کا درد ہے۔

آج بھی، جس طرح کورونا کے ایام میں حوزہ علمیہ کے جهادی طلاب ایثار و قربانی کی بے مثال مثال بنے، اُسی اخلاص اور انقلاب اسلامی کے عظیم اہداف پر بھروسے کے ساتھ وہ خدمت کے مختلف میدانوں میں سرگرمِ عمل ہونے کے لیے آمادہ ہیں۔

چاہے مکانات اور دینی و عوامی مراکز کی بازسازی ہو یا دیگر رفاہی خدمات، حوزہ علمیہ کے جوان اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ موجود ہیں تاکہ اسلامی تعاون، اخوت اور ملتِ ایران کے حوصلے و غیرت کی عملی تصویر پیش کر سکیں۔

ہم آپ کے ساتھ ہیں؛ نہ صرف تعمیر نو میں بلکہ زخموں کے مرہم، دلجوئی، احوال پرسی اور بے لوث حمایت میں بھی۔ ہمارا ایمان ہے کہ یہ باوقار اور صابر ملت ہمیشہ کی طرح اس تلخ آزمائش سے بھی عزت و وقار کے ساتھ گزر جائے گی۔

خداوند متعال پر توکل اور ملی اتحاد و انسجام کے سائے میں ہم خرابیوں کو تعمیر و ترقی، اور غموں کو امید و سربلندی میں بدل دیں گے۔

ہم بارگاہِ رب العزت میں مظلوم شہداء کے لیے رحمت و مغفرت، سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و سکون، اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ان مسلح افواج کے لیے—جو وطنِ عزیز کی عزت، امن اور استقلال کے دفاع میں صفِ اول میں کھڑی ہیں—کامیابی، طاقت اور نصرت کی دعا کرتے ہیں۔

علی رضا اعرافی

سربراہ حوزہ علمیہ ایران

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha