حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان شعبۂ خواتین کی رہنما محترمہ سائرہ ابراہیم نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ نظامِ ولایتِ فقیہ اور انقلابِ اسلامی کی فتح، منافقوں اور شیر کی کھال میں چوہوں کے منہ پر طمانچہ ہے، کہا کہ ایران نے حالیہ جنگ میں جو فیصلہ کن اور لرزہ خیز فتح حاصل کی ہے وہ صرف عسکری معرکہ نہیں، بلکہ ایمان غیرت اور استعمار شکن نظرئیے کی جیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ تاریخی لمحہ ہے جب دنیا نے دیکھ لیا کہ جس قوم کا رہبر ولی فقیہ ہو اور جس کی رگوں میں کربلا کا خون ہو وہ قوم شکست نہیں کھا سکتی، بلکہ وہ قوم تاریخ رقم کرتی ہے۔
سینئر رہنما شعبۂ خواتین ایم ڈبلیو گلگت بلتستان پاکستان نے کہا کہ ایران نے درس کربلا پر عمل کرتے ہوئے وہ کر دکھایا جو دہائیوں میں کوئی نہ کر سکا اور نہ کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب اکثریت حکمران غلامی کی زنجیروں کو سونے کی ہار سمجھ کے بیٹھے تھے؛ جس وقت نام نہاد مسلم ممالک فلسطین کا سودا کر کے خاموش بیٹھے تھے، تب ایک قوم جو امام خمینی اور ولایت کی قوم ہے، اٹھی اور اس نے ایسی کاری ضرب لگائی کہ جسے اسرائیل اور یہود و نصارٰی کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی فتح، ایسے ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے جو ظلم ہوتا دیکھ کے چپ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح صرف باوضو ہاتھوں سے جنگ کرنے والوں کی ہے۔ یہ فتح، ان شہیدوں کے خون کی ہے جنہوں نے اپنا لہو دے کر مزاحمت کو زندہ رکھا۔ یہ فتح، ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای کی ہے جو نہ جھکتا ہے اور نہ بکتا ہے، جن کی رگوں میں خمینی کا انقلاب دوڑتا ہے۔









آپ کا تبصرہ