جمعرات 10 جولائی 2025 - 17:25
دشمن سے مذاکرات کی خواہش، اللہ کی مدد و نصرت پر یقین نہ ہونے کی علامت ہے: آیت اللہ محمود رجبی

حوزہ/ امام خمینیؒ تعلیمی و تحقیقی ادارے کے سربراہ آیت اللہ محمود رجبی نے کہا ہے کہ دشمنِ آشکار یعنی امریکہ و صہیونی حکومت سے مذاکرات کی خواہش دراصل وعدۂ نصرتِ الٰہی پر عدم یقین اور دشمن کی سازشوں سے ناواقفیت کی علامت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینیؒ تعلیمی و تحقیقی ادارے کے سربراہ آیت اللہ محمود رجبی نے ایک علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک، تاریخِ بشر میں حق و باطل کے دائمی معرکے کا مظہر ہے، جو قیامت تک جاری رہے گا اور ہر فرد اور سماج کے لیے رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورائی تحریک قربانی اور شہادت کا راستہ ہے جس کی طرف قرآن مجید نے بشارت دی ہے اور جو شخص اس راستے سے منحرف ہو جائے وہ شیطانی وسوسوں میں گرفتار ہو جاتا ہے۔

آیت اللہ رجبی نے واضح کیا کہ آج بھی بڑی شیطانی قوتیں، خصوصاً امریکہ اور صہیونی ریاست، مسلمانوں کو ورغلانے اور گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جو لوگ ان دشمنوں کی اصلیت کو پہچاننے میں غفلت برتتے ہیں اور مذاکرات کی امید رکھتے ہیں، وہ نہ صرف دینی اصولوں سے دور ہو جاتے ہیں بلکہ اپنے قومی اور سماجی فرائض میں بھی ناکام رہتے ہیں۔

انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی اس بات کا حوالہ دیا جس میں اس نے واضح کیا تھا کہ اگر مخالفین ان کی شرائط مان لیں تو پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔ آیت اللہ رجبی نے کہا کہ بعض ایرانی حکام کا مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ وعدۂ نصرتِ الٰہی پر ایمان نہیں رکھتے اور دشمن کی سازشوں کو صحیح طور پر نہیں سمجھتے۔

رکن مجلس خبرگان اور جامعہ مدرسین قم کے رکن نے قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں کہا کہ خداوند عالم اپنے بندوں کے ساتھ ہے اور جو قومیں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتی ہیں، کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے۔ انہوں نے سورہ فتح کی آیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی ایران کے خلاف تمام سازشیں خدا کے فضل سے ناکام ہوئیں اور ملت ایران ہمیشہ دشمن کے مقابلے میں فاتح رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ «إِنَّ عِبَادِی لَیْسَ لَکَ عَلَیْهِمْ سُلْطَانٌ» جیسی آیات ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ اگر ہم نے شیطان یا استکبار سے امید باندھی تو ضرور شکست کھائیں گے، لیکن اگر اللہ پر توکل اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کریں تو فتح یقینی ہے۔

آیت اللہ رجبی نے زور دیا کہ آج پہلے سے زیادہ ضروری ہے کہ عوام بالخصوص نوجوان نسل کو امریکہ اور صہیونی حکومت کی دشمنی اور فریب کاری سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ ان کی سازشوں کا شکار نہ ہوں۔

انہوں نے بعض حکومتی ذمہ داروں کی جانب سے امریکہ سے مذاکرات کی باتوں کو سادہ لوحی اور ملت سے خیانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کوئی نیت نیک نہیں اور ان کے ساتھ مذاکرات کا انجام صرف نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

آیت اللہ رجبی نے آخر میں تاکید کی کہ بحرانی حالات میں ہمیں اللہ کی مدد، اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور رہبر معظم انقلاب کی رہنمائی پر ایمان رکھتے ہوئے استقامت دکھانی چاہیے۔ یہی امتِ اسلامی کی عزت و سربلندی کا واحد راستہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha