حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ علمیہ نرجسیہ (سلام اللہ علیہا) شہر رودان کی معاونِ ثقافت محترمہ زہرا صالحی نے حجاب کو اسلام کی علامت اور مسلمان عورت کی عزت و کمال کا سرچشمہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے ماہِ محرم کی مناسبت سے تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان عورت کی اصل پہچان اس کی عفت ہے اور حجاب اسی عفت کا سب سے نمایاں رکن ہے۔ افسوس کہ آج بعض حلقے بدحجابی کو جدت، سماجی حیثیت اور شخصیت کی علامت کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جبکہ خواتین کے لیے سب سے فاخر اور باوقار حالت حجاب ہی ہے۔
محترمہ صالحی کے مطابق، ہفتۂ عفاف و حجاب، اسلامی تمدن کے ایک بنیادی مفہوم یعنی "عفاف" (نفس کی پاکیزگی) اور "حجاب" (بیرونی ظاہری علامت) پر دوبارہ غور کرنے کا موقع ہے۔ آج جب دشمن کی سافٹ وار عورت کی اسلامی شناخت کو نشانہ بنا رہی ہے، تو حجاب صرف ایک فردی یا عبادی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی اور ثقافتی فریضہ بن چکا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حجاب نہ صرف ایک دینی و شرعی حکم ہے بلکہ انسانی معاشروں کے لیے ایک سماجی ضرورت بھی ہے، جس کی موجودگی معاشرے میں مثبت اثرات ڈالتی ہے جبکہ اس کی عدم موجودگی ثقافتی تباہی اور اخلاقی انحطاط کا سبب بنتی ہے۔
محترمہ صالحی نے بتایا کہ مدرسہ علمیہ نرجسیہ (س) ہفتۂ عفاف و حجاب کی مناسبت سے طلاب اور مبلغات کے تعاون سے کئی اہم تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے، جن میں عفاف و حجاب سے متعلق تربیتی ورکشاپس، "عصرِ حاضر میں حجاب کے چیلنجز" کے عنوان سے علمی نشستیں، "از حیا تا حجاب" کے عنوان سے ثقافتی مقابلے، دینی و سماجی موضوعات پر کتابخوانی، اور حجاب اسلامی سے متعلق مختصر ویڈیوز کی تیاری شامل ہیں۔









آپ کا تبصرہ