حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم کی جانب سے رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ) اور جنگِ رمضان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شبستان امام خمینیؒ، حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ (س)، قم مقدس میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد میں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حجت الاسلام سید جنت حسین جعفری نے حاصل کی۔ بعد ازاں مسئول دفتر قائدِ ملت جعفریہ قم حجت الاسلام غلام محمد شاکری نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

اس روح پرور اور باوقار تقریب میں برادر نادم شگری اور ان کے ہمنواؤں نے « ترانۂ شہادت» پیش کیا، جس نے حاضرین پر گہرا اثر چھوڑا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کر دی۔
آیت اللہ سید محمد حسینی قزوینی اور حجۃ الاسلام منیر حسین عسکری دبیر نظارت دفتر قائدِ ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم نے تقریب سے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں اس امر پر زور دیا کہ نظامِ ولایتِ فقیہ سے وابستگی اور اس کے ساتھ عملی و فکری تعلق آج کے پُرآشوب دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے کہ نظامِ ولایتِ فقیہ وہ مضبوط و مؤثر نظام ہے جس نے امریکہ جیسی سپر پاور کو نہ صرف چیلنج کیا بلکہ اسے پسپائی اور بے بسی پر مجبور کر دیا۔

مقررین کے مطابق آج ایران، عالمِ اسلام کے نمائندے کے طور پر مسلمانوں کے حقوق کا دفاع کر رہا ہے لہٰذا امتِ مسلمہ کو بیدار ہو کر ایران کا مکمل ساتھ دینا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ عظیم الشان تقریب درحقیقت شہداء کے ساتھ تجدیدِ عہد، مقاومت کے پیغام کی تجدید اور ولایت سے وفاداری کے اظہار کا ایک روشن مظہر تھی۔









آپ کا تبصرہ