حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سینئر نائب صدر اور ناظم اعلیٰ جامعہ المنتظر لاہور نے جامع علی مسجد میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ منافقین کفار سے بدتر ہیں، کفار ظاہری دشمن ہیں ان کے مقابلے کے لیے تیاری کی جا سکتی ہے، لیکن منافق ہمیشہ بے خبری میں اندر سے وار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے ہاتھ بے گناہ خون سے رنگین ہوں، ان کے احترام میں کھڑے ہونے میں عار ہے۔
علامہ مرید حسین نقوی نے کہا کہ شہید رہبرِ امت اسلامی آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اپنی جان خالق کائنات کے حضور پیش کر کے اللہ سے تجارت کر لی ہے، تجارت کی بہت سی قسمیں ہیں، آپ کا اچھا اخلاق بھی تجارت ہے، آپ کا دوسروں کے ساتھ کیا گیا اور انصاف پر مبنی معاملہ بھی تجارت ہے، کبھی کبھار تجارت تقویٰ کا ذریعہ ہوتی ہے اور یہ سب سے خوبصورت تجارت ہے۔ اگر آپ کے پاس ایمان کی طاقت موجود ہے تو کوئی بھی آپ کو شکست نہیں دے سکتا، جمہوری اسلامی ایران نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے دنیا کی سپر پاور امریکہ کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سینئر نائب صدر نے کہا اللہ کے کام اللہ کی توفیق کے بغیر ممکن نہیں، میں اللہ کے کاموں میں مدد کرنے والے برادران کو متنبہ کرتا ہوں کہ اللہ کے کاموں میں شامل ہو کر یہ نہ سمجھیں کہ یہ کام آپ کے بغیر ممکن نہیں، بلکہ یہ آپ کا کمال نہیں، آپ پر اللہ کی مہربانی ہے، کچھ لوگ آپ کے ذہن میں فتور ڈالتے ہیں اور آپ سے مخلص نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولا علی علیہ السلام کی شب ہجرت کی نیند امام کی تجارت تھی اگر انسان کی نیند اخلاص کے ساتھ ہو تو اس کے بدلے میں اللہ کی رضا خریدی جا سکتی ہے۔ امام تقی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ مومن کو تین خبروں کی ضرورت ہوتی ہے، خدا کی توفیق، نفس کا معجزہ یا نصیحت اور لوگوں کی نصیحت کو قبول کرنا۔









آپ کا تبصرہ