حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یومِ نکبہ کے موقع پر ہر سال کی طرح امسال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام مسجد و امام بارگاہ محفل شاہ خراسان سے یومِ مردہ باد امریکہ ریلی نکالی گئی؛ جس میں علمائے کرام سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نمائش چورنگی سے مارچ کرتے ہوئے مسجد و امام بارگاہ علی رضا پہنچے۔ریلی اور مظاہرے سے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر مولانا صادق جعفری، مولانا سجاد مرتضوی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے یومِ نکبہ کو ملتِ فلسطین کی مظلومیت اور امتِ مسلمہ کی بے حسی کی ایک دردناک یاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1948ء سے آج تک فلسطینی عوام مسلسل صہیونی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، جبکہ غزہ آج انسانی تاریخ کے بدترین محاصرے، نسل کشی اور جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔

مولانا صادق جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نہ صرف فلسطین میں ظلم و بربریت کے ذمہ دار ہیں بلکہ پورے خطے میں جنگ، بدامنی اور انسانی بحرانوں کے اصل سرپرست بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام نے استقامت، صبر اور مقاومت کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ باطل قوتیں ظلم کے ذریعے حق کی آواز کو خاموش نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے ایران کے خلاف جاری امریکی و صہیونی دباؤ اور جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ مظلوم اقوام، خصوصاً فلسطین کی حمایت کی ہے اور آج ایران کا استقامت پر مبنی مؤقف امتِ مسلمہ کے لیے امید اور حوصلے کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محورِ مقاومت نے ثابت کیا ہے کہ اتحاد، بیداری اور قربانی کے ذریعے صہیونی غرور کو شکست دی جا سکتی ہے۔

مولانا سجاد مرتضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ نکبہ صرف فلسطین کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی غیرت، وحدت اور ذمہ داری کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے بچوں، خواتین اور شہری آبادی پر بمباری انسانیت کے ماتھے پر سیاہ دھبہ ہے، مگر عالمی طاقتیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی مکمل سرپرستی کے بغیر اسرائیل خطے میں ایک دن بھی اپنی جارحیت جاری نہیں رکھ سکتا، اسی لیے عالمِ اسلام کو استکباری قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے ایران کی مزاحمتی پالیسی اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں جراتمندانہ موقف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقاومت کی طاقت نے صہیونی رژیم کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء نے فلسطین، ایران، حزب اللہ اور وطنِ عزیز پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔مظاہرے کے دوران امریکی اور صہیونی پرچم نذرِ آتش کیے گئے، جبکہ مقررین نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت، غزہ کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی اور استکباری قوتوں کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کریں۔









آپ کا تبصرہ