بدھ 24 جون 2026 - 14:45
مظلوم پر ظلم نہ کرو؛ امام حسینؑ کی آخری وصیت

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے حضرت امام حسینؑ کی ایک نہایت اہم اور سبق آموز وصیت نقل کی ہے، جس میں آپؑ نے مظلوموں پر ظلم سے سختی کے ساتھ منع فرمایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے حضرت امام حسینؑ کی ایک نہایت اہم اور سبق آموز وصیت نقل کی ہے، جس میں آپؑ نے مظلوموں پر ظلم سے سختی کے ساتھ منع فرمایا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے امام محمد باقر علیہ السلام کی روایت کے حوالے سے بیان کیا کہ امام زین العابدین علیہ السلام نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے آخری لمحات میں اپنے فرزند امام محمد باقرؑ کو وہ وصیت سنائی جو انہیں کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام نے وداع آخر کے وقت فرمائی تھی۔

امام حسینؑ نے فرمایا: "خبردار! اس شخص پر ظلم نہ کرنا جس کا تمہارے مقابلے میں اللہ کے سوا کوئی مددگار نہ ہو۔" (الکافی، جلد 2، صفحہ 331)

آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ظلم کی ہر صورت بری اور قابلِ مذمت ہے، لیکن اس مظلوم پر ظلم کرنا زیادہ سنگین جرم ہے جو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کا سہارا نہیں رکھتا۔ ایسا مظلوم اپنی فریاد لے کر صرف بارگاہِ الٰہی میں جاتا ہے اور خلوصِ دل سے "یا اللہ" پکارتا ہے، کیونکہ اس کے پاس کوئی دوسرا دروازہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ صاحبِ اقتدار اور بااختیار افراد کو اس وصیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے، کیونکہ مظلوم کی دعا اور آہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہت اہمیت رکھتی ہے۔ واقعۂ کربلا کا یہ پیغام آج بھی انسانیت کو عدل، انصاف اور کمزوروں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔

یہ بیان آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی کے درسِ خارجِ فقہ (6 جنوری 2020ء) سے ماخوذ ہے، جس میں انہوں نے امام حسینؑ کی اس وصیت کو انسانی معاشرے کے لیے ایک دائمی اخلاقی اصول قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha