حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’عشقِ پیغمبرِ اعظمؐ مرکزِ وحدت المسلمین‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی میزبانی مجلسِ وحدتِ مسلمین نے کی۔ کانفرنس میں مختلف مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور علماء نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریکِ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز، پاکستان میں فرقہ واریت، تکفیر، شدت پسندی اور دہشت گردی جیسے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مسلمانوں کے درمیان وحدت اور باہمی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے 1995ء سے اب تک امتِ مسلمہ کے اتحاد اور ملی یکجہتی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک دن امتِ مسلمہ قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرتے ہوئے متحد ہو کر ’’امتِ واحدہ‘‘ بنے گی اور کوئی سامراجی طاقت اس اتحاد میں دراڑ نہیں ڈال سکے گی۔
انہوں نے فرقہ واریت اور مختلف مسالک کے درمیان نفرتیں پھیلانے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد اور وحدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور فرقہ پرست عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے رہبرِ شہید آیت اللہ امام خامنہ ای کو امت، وحدت، فلسطین اور کشمیر کا شہید قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے اتحاد اور فلسطین سمیت مظلوم اقوام کی حمایت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور وحدتِ امت کے قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
کانفرنس سے جناب لیاقت بلوچ، علامہ ناصر عباس جعفری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔










آپ کا تبصرہ