جمعرات 15 اکتوبر 2026 - 17:58
نرسیں حضرت زینبؑ کے ایثار و فداکاری کے راستے پر گامزن ہیں: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ آیت اللہ اعرافی نے نرسنگ ڈے کے موقع پر نرسوں کی شب و روز خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا صرف کربلا کی تیماردار نہیں تھیں، بلکہ تاریخ کے سخت ترین مراحل میں استقامت اور صبر کی علمبردار بھی تھیں اور آج نرسیں اسی ایثار و فداکاری کے راستے پر گامزن ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے ولادت باسعادت اور نرسنگ ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں شعبۂ صحت سے وابستہ نرسوں کی بے لوث خدمات کو سراہا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے سورۂ مائدہ کی آیت 32 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو کسی ایک انسان کی جان بچاتا ہے، گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔

آیت اللہ اعرافی نے نرسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی خدمات کے ذریعے صبرِ زینبی کو بندگانِ خدا کی خدمت کی صورت میں نمایاں کر رہی ہیں۔ حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے ولادت باسعادت کے دن کو نرسنگ ڈے قرار دیا جانا اس بات کی روشن دلیل ہے کہ مریضوں کی جسمانی دیکھ بھال اور اعلیٰ انسانی اقدار پر ثابت قدم رہنے کے درمیان گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نہ صرف کربلا میں زخمیوں اور بیماروں کی تیمارداری کرنے والی عظیم ہستی تھیں، بلکہ تاریخ کے مشکل ترین لمحات میں صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی علامت بھی تھیں۔ آج نرسیں ایثار، قربانی اور انسانیت کی خدمت کے اسی راستے پر چل رہی ہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ حوزات علمیہ نرسوں کی شب و روز کی انتھک محنت اور بے لوث خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یومِ نرسنگ ان تمام افراد کی کوششوں کو سراہنے کا بہترین موقع ہے جو علاج و معالجے کے محاذ پر محبت اور ایمان کے ساتھ مریضوں کے درد کو کم کرتے اور معاشرے میں امید کی روشنی پھیلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نرسیں صرف مریض اور شستہ حال جسموں کو سکون پہنچانے کا ذریعہ نہیں ہیں، بلکہ اپنے ہمدردانہ اور باوقار رویے، پاکیزہ کردار اور مریضوں کی عزت و تکریم کا خیال رکھ کر اسلامی اخلاقی تعلیمات کی عملی تصویر بھی پیش کرتی ہیں۔ ان کی مخلصانہ خدمت اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عظیم عبادت اور قابلِ قدر جدوجہد ہے، جس کا اجر محفوظ ہے۔

پیغام کے اختتام پر آیت اللہ اعرافی نے تمام فرض شناس اور محنتی نرسوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، کامیابی اور مزید توفیقات کے لیے دعا کی اور حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے وسیلے سے خدمتِ خلق کے راستے پر ثابت قدم رہنے کی توفیق طلب کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں ہمیشہ نرسوں اور ان کے اہلِ خانہ پر سایہ فگن رہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha