۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد کے زیر اہتمام عظیم الشان جشنِ کوثر کا انعقاد

حوزہ/ اس جشن کے مہمان خصوصی جناب حجت الاسلام و المسلمین داد سرشت تہرانی نے جشن سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ میلادِ سیدہ کونین حضرت فاطمۃ الزہرؑا کی اولاد نے اسلام کو  بچایا اور پھیلایا ہے۔ اس عہد میں ان کے فرزند امام خمینیؒ نے اسلام کا بول بالا کر دیا ۔پوری دنیا مخالف تھی آج چار دہائیوں بعد دیکھیں تو انقلاب اسلامی مضبوط تر ہو چکا ہے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد کے زیراہتمام صدیقۃ الکبری حضرت فاطمہ زھرا سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کے پر مسرت موقع پر عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا۔

اس جشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری جناب کریم منصوری کی دلنشین تلاوت سے ہوا، انہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں سورہ کوثر کی تلاوت کر کے محفل کو چار چاند لگائے ،حاضرین قاری کریم منصوری کی تلاوت پر بے ساختہ داد دیتے رہے۔

تلاوت قرآن مجید کے بعد جامعہ کے طالب علم جناب آقای غلام علی نے سیدہ کونین کی بارگاہ میں قصیدے کی صورت میں  نذرانہ عقیدت پیش کیا، ان کے بعد جامعہ کے طالب علم اور شاعر جناب سکندر علی ناطق نے اپنے اشعار کے ذریعے جشن کی رونق میں اضافہ کیا اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا انہوں نے حضرت سیدہ ؑ کی بارگاہ میں  خوبصورت اشعار پڑھ کر  محفل کی رونق میں اضافہ کیا اور سامعین سے داد سمیٹی۔ 

اس جشن کے مہمان خصوصی جناب حجت الاسلام و المسلمین داد سرشت تہرانی نے جشن سے خطاب کیا اور حضرت سیدہ ؑ کے فضائل و مناقب کو بیان کیا۔

انہوں نے قرآنی آیات کی روشنی میں بتایا کہ حضرت سیدہ ؑ عطیہ خداوند ہیں  اور سورہ  کوثر کی تفسیر ہیں جس کے دینے کا اللہ  نے پہلے وعدہ کیا تھا اور ساتھ یہ بھی فرمایا تھا کہ جب ہم دیں گے تو اے رسول تم اس سے راضی ہو جاو گے۔

آغا تہرانی نے فرمایا کہ میلادِ سیدہ کونین حضرت فاطمۃ الزہرؑا کی اولاد نے اسلام کو  بچایا اور پھیلایا ہے۔ اس عہد میں ان کےفرزند امام خمینیؒ نے اسلام کا بول بالا کر دیا ۔پوری دنیا مخالف تھی آج چار دہائیوں بعد دیکھیں تو انقلاب اسلامی مضبوط تر ہو چکا ہے۔ 

اس پروگرام میں محترم حجۃ الاسلام و المسلمین تہرانی،  بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری کریم منصوری اور مدیر مدرسہ برادران اسلام آباد حجۃ الاسلام والمسلمین انیس الحسنین خان ، مسولین ،اساتید اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

پروگرام کے اختتام پر روزِ خواتین کی مناسبت سے  جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد کے مسئولین، اساتید اورطلاب کو تحائف سے نوازا گیا۔اس پروگرام  کی نظامت مولانا لیاقت اعوان صاحب نے کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین نے نماز باجماعت ادا کی اور دسترخوان سیدہ دو عالم سے مستفیذ ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .