۱۳ آذر ۱۴۰۳ |۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 3, 2024
علامہ محمد حسین اکبر

حوزہ/ ادارہ منہاج الحسینؑ پاکستان اور تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مودی کے مظالم صرف کشمیر پر نہیں ہیں بلکہ کسانوں اور اقلیتوں پر بھی ظلم جاری ہیں جن کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ منہاج الحسینؑ پاکستان اور تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے لاہور میں یوم کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کئی برسوں سے منایا جا رہا ہے، دنیا بھر سے آزادی پسند اور غیرتمند انسان کشمیریوں کی حمایت اور ہندوستان کی ظالم و غاصب حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے چلے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور مسلمان ہم پر فرض ہے کہ کشمیری کی مدد کریں اور ان کو ظالموں کے شر سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ظلم و جور کی انتہا کر دی ہے کہ ہے کہ اس نے کشمیر میں لاک ڈاون کر دیا، ڈیڑھ سال سے ان کی آزادی چھین لی گئی ہے، کرفیو کی صورتحال نافذ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو اجاگر کیا اور آج کشمیر پوری دنیا میں برننگ ایشو بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں عوام سڑکوں پر ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ہندوستانی سرکار سے اظہار برات کر رہے ہیں۔

علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ کشمیریوں کو حق ہے کہ وہ اپنا فیصلہ کریں، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی موجود ہیں، مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل نہیں چاہتے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو، عمران خان کے مسئلہ اٹھانے پر پوری دنیا متوجہ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر مودی سرکار کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم پاکستان کی عوام اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کو آزاد کروایا جائے، کشمیر پر انڈیا کے قبضے کو ختم کرکے کشمیریوں کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور کشمیر میں ہندووں کو بسانے کی کوشش بھی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا حکومت ہندوستان کے مظالم پر صدائے احتجاج بلند کریں، تاکہ امریکہ گجرات کے قصائی کی سرپرستی چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے مظالم صرف کشمیر پر نہیں ہیں بلکہ کسانوں اور اقلیتوں پر بھی ظلم جاری ہیں جن کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .