حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ قزوین کے تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل کے دفتر کے سربراہ حجۃ الاسلام غلام حسن شہسواری نے صوبہ قزوین کے میڈیا اراکین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں صوبہ قزوین کے میڈیا اراکین کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا: تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل قزوین کے پروگراموں کی عکاسی میں میڈیا اراکین کی خدمات اور زحمات قابلِ تعریف ہیں۔
انہوں نے معاشرے میں میڈیا کے اہم کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج کے دور میں میڈیا رائے عامہ کی تشکیل اور اس کی عکاسی میں ایک ناقابل تلافی کردار ادا کرتا ہے۔
حجۃ الاسلام شہسواری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: میڈیا رائے عامہ کی تشکیل کے سلسلہ میں ہی معاشرے کے حالات کے بیان، انہیں واضح اور روشن انداز سے پیش کرنے اور اس کی رہنمائی سمیت مختلف امور میں انتہائی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔
صوبہ قزوین کے تبلیغاتِ اسلامی رابطہ کونسل کے دفتر کے سربراہ نے کہا: میڈیا جہادِ تبیین کے اہم عناصر میں سے ایک ہے کہ موجودہ دور میں جس کی ضرورت دوسرے ادوار کی نسبت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
انہوں نے رہبر معظم انقلابِ اسلامی کی جہادِ تبیین پر تاکید کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: میڈیا کا کام جہادِ تبیین ہے اور اس جہادِ تبیین کا اصلی بوجھ اور ذمہ داری بھی صحافیوں کے کندھوں پر ہے۔
حجۃ الاسلام شہسواری نے کہا: آج کی دنیا کی جنگ سائبر اسپیس کے میدان میں جنگ ہے اسی وجہ سے رہبر معظم انقلاب جنگِ نرم (سافٹ وار) اور جہادِ تبیین پربہت زیادہ تاکید کرتے ہیں کیونکہ دشمن چاہتا ہے کہ میڈیا کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے وہ انقلاب اسلامی کے بارے میں معاشرے کے فہم و شناخت اور ادراک کو تبدیل کر دے۔
واضح رہے کہ اس تقریب کے آخر میں شہر قزوین میں حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ کی سرگرمیوں اور اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین اور شیلڈ بھی پیش کی گئی۔