حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ دشمن جان لیں کہ ان کے مداخلت پسندانہ اقدامات کا جواب دیا جائے گا۔
میجر جنرل حسین سلامی نے جمعہ 13آبان کے جلسے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس ریلی میں موجود ہجوم کو سراہا، جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اگر غیر ملکی میڈیا واقعی انصاف پسند ہے تو وہ اس عظیم اجتماع کی خبر کو دوسروں تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس ریلی میں جہاں سے بھی گزرا میں نے صرف یہی سنا کہ حرم شاہ چراغ اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے واقعات کا بدلہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ اس کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ایران نے قابل ذکر ترقی کی ہے اور ہم اس راستے پر آگے بڑھتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے انقلاب کی راہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جنرل سلامی کے مطابق ہمارے انقلاب کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ ہمارے دشمن ملک کے عوام کے خلاف کارروائیوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ ہم ان کی کارروائیوں کا جواب ضرور دیں گے لیکن یہ نہیں بتا سکتے کہ کب اور کہاں؟ ہمارے عوام کے امن و سکون کو خراب کرنے والا کبھی بھی امن سے نہیں رہ سکے گا۔