۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
حجت‌الاسلام والمسلمین عبدالرضا پورذهبی

حوزہ/کردستان ایران میں رہبرِ انقلاب کے نمائندے حجۃ ‌الاسلام عبدالرضا پور ذہبی نے کہا کہ سعودی عرب مختلف ٹی وی چینلز اور انٹرنیٹ نیٹ ورکس کو وجود میں لانے اور ان کی سرپرستی اور حمایت کے ذریعہ اہل سنت و اہل تشیع کے درمیان اختلافات کو بڑھانا چاہتا ہے، جو حقیقت میں دشمن اسلام کی خدمت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبۂ کردستان میں رہبرِ انقلابِ اسلامی کے نمائندے حجۃ ‌الاسلام والمسلمین عبدالرضا پور ذہبی نے صوبے کے بانہ نامی شہر کا دورہ کیا اور اہلسنت علماء کرام کے اجتماع سے خطاب کیا۔

صوبۂ کردستان میں رہبرِ انقلاب کے نمائندے نے کہا کہ اسلامی حکومت کی بنیاد استحکام اور امن و امان پر استوار ہے اور رہبرِ معظّم انقلابِ اسلامی امام خامنہ ای صوبۂ کردستان اور اس کی عوام کے متعلق ایک خاص نظریہ کے قائل ہیں۔

حجۃ ‌الاسلام والمسلمین پور ذہبی نے اس بات پر زور دیا کہ عملی طور پر، اسلامی جمہوریہ ایران نے دکھایا ہے کہ اسے سنیوں پر خاص اعتماد ہے اور اس دعوے کا بہترین ثبوت ملک کے سنی نشین علاقوں کی یونیورسٹیوں میں 1,200 اہل سنت فیکلٹی ممبران کی موجودگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبۂ کردستان میں اہل سنت اساتذہ اور علماء کرام کی توجہ معنوی اور مادی امور کی جانب مبذول کرانے کیلئے مختلف لائحہ عمل کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔

صوبۂ کردستان میں نمائندۂ ولی فقیہ نے کہا کہ خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت اور اقتدار کو دیکھ کر ملک کے دشمنوں بالخصوص امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور وہ خوفزدہ ہیں، لہٰذا وہ اس اقتدار کو تباہ کرنے کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کر رہے۔ انہوں نے انقلاب کے آغاز سے لے کر آج تک کئی بار اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سازشیں کی ہیں۔

حجۃ ‌الاسلام والمسلمین پور ذہبی نے کہا کہ سعودی عرب مختلف ٹی وی چینلز اور انٹرنیٹ نیٹ ورکس کو وجود میں لانے اور ان کی سرپرستی اور حمایت کے ذریعہ اہل سنت و اہل تشیع کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہا ہے کہ جو در حقیقت دشمن اسلام کی خدمت ہے۔

انہوں نے ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دشمن ہمارے سائنسی اور علمی مراکز کو بند کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس ہدف کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وہ ملک سے ہمارے دانشوروں کو بھگانا چاہتا ہے، لہٰذا ہمیں ان سازشوں کو احتیاط سے ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .