حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر اراک میں مدرسہ علمیہ الزہراء (س) کے شعبہ ثقافتی کے زیر اہتمام طلباء، اساتید اور فارغ التحصیل طلاب کی موجودگی میں عشرہ ولایت و امامت کی مناسبت سے جشن کا انعقاد کیا گیا۔
مدرسہ علمیہ خواہران کی استاد محترمہ طباطبائی نے امام ہادی علیہ السلام کی ولادت باسعادت اور عید الاکبر ’’عید غدیر‘‘ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مولائے کائنات کے فضائل بیان کرنے والے کی فضیلت کے سلسلے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پر مفصل روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: خدا نے میرے بھائی علی علیہ السلام کو بے شمار فضیلتیں عطا فرمائی ہیں، اگر کوئی ان میں سے کسی ایک فضیلت کو صدق دل کے ساتھ بیان کرے گا تو خدا اس کے پچھلے اور آئندہ گناہوں کو معاف کر دے گا، اور اگر علی (ع) کی فضیلت میں سے کوئی ایک فضیلت کسی جگہ لکھے تو جب تک وہ تحریر باقی رہے گی فرشتے اس کے لیے استغفار کرتے رہیں گے۔
مدرسہ علمیہ الزہرا ء (س) کی استاد نے مزید کہا: عید غدیر پیغمبر اکرم (ص) کی عید ہے اور عید غدیر یعنی امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا اتباع کرنا اور امام کی پیروی کرنا ہے، کیوں کہ ولایت فقیہ کا سرچشمہ بھی عید غدیر ہی ہے۔
اس محفل کے پروگرام میں مختلف چیزیں شامل تھیں، جیسے قصیدہ خوانی، انعامات، مختلف کھیلوں کے مقابلے، قرآنی لطیفے، کتاب خوانی کے مقابلے کا انعقاد، اور امتیازی نمبر حاصل کرنے والوں کے درمیان انعامات کی تقسیم وغیرہ۔