حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی معروف خطیب حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام مشہد مقدس میں عشرۂ ولایت و امامت کی مناسبت سے منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غدیر کی تبلیغ حقیقت میں ولایت کی تبلیغ ہے اور اسی وجہ سے یہ بہترین اور افضل ترین اعمال میں شمار ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ولایت کی تبلیغ نماز سے بھی بڑھ کر واجب ہے، کیونکہ ولایت دین کی اساس اور بنیاد ہے اور جو ولایت کو قبول نہیں کرتا اس کی نماز اور دیگر عبادتیں بھی خدا کی بارگاہ میں قبول نہیں ہوں گی۔
حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا کہ ولایت سے آشنائی، دلوں میں ایمان کو مضبوط کرتی ہے اور جو ولایت جیسی دین کی عظیم اساس اور بنیاد سے واقف ہو جائے تو وہ اپنے اعمال کو بھی درست انجام دے گا۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ غدیر اللہ تعالیٰ کی جانب سے واضح ترین پیغام ہے، کہا کہ آیۂ بلغ کو نازل کرتے ہوئے خداوند عالم نے پیغمبرِ اِسلام صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے فرمایا: اگر اس پیغام کو لوگوں تک نہیں پہنچایا تو گویا آپ نے اپنی رسالت (مشن) کو پورا نہیں کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے مزید کہا کہ دین مبین اسلام میں عبادت کا دائرہ بہت وسیع ہے لیکن ہم عبادت کو صرف نماز اور روزے تک محدود سمجھتے ہیں جبکہ بعض کام جیسے حلال رزق کیلئے کوشش کرنا نیز عبادت ہے۔
انہوں نے عبادتوں کی مختلف اقسام بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جو اپنے اہل و عیال کی معیشت کو پورا کرنے کیلئے کام کرتا ہے وہ بھی حقیقت میں خدا کی عبادت بجا لا رہا ہوتا ہے۔
خطیبِ حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام نے لوگوں کی مشکلات کو حل کرنا اور خدمت خلق کرنے کو نیز عبادت قرار دیا اور کہا کہ اگر کوئی کسی مؤمن کی مشکل حل کرتا ہے تو در حقیقت اس نے بھی خدا کی عبادت بجا لائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مؤمنین کے دلوں کو خوش کرنا، اہل ایمان کا دیدار اور ان کے ساتھ نشست و برخاست اور دنیا کی خلقت میں غور و فکر کرنا، عبادت کے دیگر مصادیق میں سے ہے۔