حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے معروف خطیب حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد یعقوب بشوی نے نجف اشرف میں لجنہ سید الاوصیاء سکردو کی طرف سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو فاضل اور ماہر علماء کی ضرورت ہے جو معاشرے کو تعلیم و تربیت کی دولت سے مالا مال کر دیں۔ نیم ملا خطرہ ایمان ہے۔ حوزات علمیہ نجف اور قم سے عالم کی قیادت میں صاحب علم و تقویٰ، بصیرت و زمان شناس، ماہر اور طاغوت شکن علماء کی تربیت کرنے کی اشد ضرورت ہے جو عوام کا گلہ اپنے شکم کیلئے نہ کاٹے، بلکہ اپنا شکم کاٹ کر عوام کی خدمت کرنے کا مقدس جذبہ رکھتے ہوں۔
انہوں نے ایک شبہہ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں مدارس میں وه لوگ جاتے ہیں جو نالائق ہیں، وه بچے جو کسی کام کے نہیں، ان کو مدارس میں بھیجتے ہیں، یعنی جن بچوں کو گھر میں بوجھ اور فارغ سمجھتے ہیں انہی کو دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے بھیجتے ہیں اس لئے معاشره نہیں بدلتا، میں ایسی فکر کے حامل افراد سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ یہ بات کسی حد تک قابلِ قبول ہے، لیکن بہت سارے بڑے خاندانوں کے بچے بھی مدارس میں آتے ہیں دوسری جو اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ جن بچوں کو گهر والے بھی قبول نہیں کرتے انہی بچوں کی تربیت مدارس میں اس طرح ہوتی ہے کہ وه لوگوں کی دینی قیادت اور معاشرتی رہبر بن کر پلٹتے ہیں جس بچے کو پتھر سمجھا تها، دین انہیں ہیرا بناتا ہے، یوں دینی مدارس پتھر کو در بنانے کا ہنر جانتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر فہم قرآن، تدبر قرآن اور تحریر و قلم کی ضرورت اور اہمیت پر بهی تفصیلی گفتگو کی۔