۲۰ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱ ذیقعدهٔ ۱۴۴۵ | May 9, 2024
بشوی

حوزه/ دفترِ قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبۂ قم المقدسہ کی جانب سے منعقدہ عشرۂ محرم الحرام کی دسویں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے کہا کہ آج ہمارا منبر یرغمال ہے اور اس کو ہدایت و رسالت الٰہیہ کے بجائے تجارت کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین شیخ یعقوب بشوی نے منبر اہلبیت علیہم السّلام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ سوداگری اور دلالی کے ذریعے بعض نا اہل افراد کو منبر پر لایا جاتا ہے، جن کا ہدف، شکم پرستی ہے۔ اگر منبر اہل افراد کے ہاتھوں میں ہو تو دنیا میں انقلاب آنے میں دیر نہیں لگے گی، کیونکہ آج کا معاشرہ علم و شعور اور ہدایت و معرفت الٰہی کا پیاسا ہے اور ان کی اس پیاس کو بجھانے کا اہم و مؤثر ترین وسیلہ منبر اہلبیت علیہم السّلام ہے۔

علامہ یعقوب بشوی نے مزید کہا کہ منبر کا غلط استعمال معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتا ہے۔ منبر کا نادرست استعمال اور نا اہل افراد کے قبضہ میں جانا، اس قدر سنگین عمل ہے کہ جس نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی پاک و مطہر ہستی کو بھی غمگین و محزون اور رنجیدہ کیا ہے۔ اس حقیقت کی طرف سورۂ مبارکۂ اسراء کی آیت نمبر 60 واضح دلالت کرتی ہے، یہ آیت قیامت تک امت مسلمہ کے ساتھ ہونے والے امور کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم بھی منبر اہلبیت علیہم السّلام کو نا اہل افراد کے سپرد کرکے اہل بیت علیہم السلام کی دل آزاری اور ان کی پریشانی میں اضافے کا باعث بنیں۔ منبر کا کردار معاشرہ سازی میں بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، لہٰذا ہمیں اس حقیقت کی طرف توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔

مجلس عزاء میں علمائے عظام، طلاب کرام اور زائرین محترم نے شرکت کی۔ پاکستان سے آئے ہوئے ماتمی سنگتوں نے نوحہ خوانی و ماتم داری کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .