۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سید باقر زیدی

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم کراچی پاکستان کے صوبائی صدر نے جشنِ میلاد النبی (ص) کے موقع پر اپنے ایک بیان میں وحدت المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ملک بھر کی طرح صوبۂ سندھ میں بھی جشنِ میلاد النبی (ص) کے موقع پر ہفتۂ وحدت منائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس انچولی کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ ولادتِ باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے موقع پر ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس سلسلے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کرکے عظیم وحدت کا پیغام دیں گے۔

اس اجلاس میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا حیات عباس سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں۔

علامہ باقر عباس زیدی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی مل کر میلاد النبی ﷺکے جلوس نکالیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں، پاکستان میں شیعہ سنی متحد ہیں کوئی فرقہ واریت نہیں، چند عناصر ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبردآزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبر ختمی مرتب ﷺسے استفادہ کرے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .