حوزہ نیوز ایجنسی ک رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حجۃ الاسلام شیخ علی خطیب نے جمعرات کو 38ویں اسلامی وحدت کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا : امتِ مسلمہ کی سیاسی اور اقتصادی ہم آہنگی ترقی کا سبب بنے گی۔
شیخ علی خطیب نے وحدت اسلامی کو مسلمانوں اور اسلام کی عزت کا ضامن قرار دیتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران کی وحدت اسلامی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، انہوں نے انقلاب اسلامی کی کامیابی سے لے کر امام خمینی (رح) اور ان کے بعد رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی قیادت میں اس راستے پر جاری رہنے والی کوششوں کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے مغربی ممالک کی حمایت اور اسلامی ممالک کی بے حسی کے سائے میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور جبری نقل مکانی جیسے جرائم کی طرف اشارہ کیا۔
شیخ علی خطیب نے کہا: مسلمانوں کی وحدت حکومتوں کی سیاست سے ہٹ کر ہے اور یہ وحدت اللہ کے حکم پر مبنی ہے۔ انہوں نے علمائے اسلام کی رہنمائی اور آیت اللہ محمد علی تسخیری سے لے کر آج تک مجمع تقریب مذاہب اسلامی کی کوششوں کو اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور مسلمانوں کو قریب لانے میں اہم قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا : کچھ سیاسی پالیسیاں وحدت کی راہ میں رکاوٹ ہیں، لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ سیاسی اور اقتصادی ہم آہنگی ہی امتِ مسلمہ کی ترقی کا راستہ ہے۔
شیخ علی خطیب نے مسلمانوں کے درمیان اسلامی بنیادوں پر تعامل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا : یہ اقدام مسلمانوں کے درمیان عقیدے کے رشتے کو مضبوط کرے گا۔
واضح رہے کہ 38ویں اسلامی وحدت کانفرنس کا اجلاس کل جمعرات سے اسلامی ممالک کے سربراہان کی موجودگی میں شروع ہو چکا ہے اور یہ کانفرنس جمعہ آج بھی جاری رہے گا۔