۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
علامہ سید جواد نقوی

حوزہ/علامہ سید جواد نقوی نے آج نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں سانحہ کرم ایجنسی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے پارا چنار کے بارے میں یہ جھوٹی منطق گھڑتے ہیں کہ وہاں زینبیون موجود ہیں جو شام میں داعش کے خلاف لڑے، حالانکہ داعش کے خلاف لڑنا پاکستان کے لیے کسی صورت نقصان دہ نہیں تھا اس کے برعکس ریاست کی سبق سکھانے کی خواہش یہ ظاہر کرتی ہے کہ حکومتی ادارے داعش کے منصوبہ سازوں کے ساتھ کسی نہ کسی طرح کے مفادات رکھتے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ عروۃ الوثقی کے مہتمم اعلیٰ اور تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے جمعہ کے خطبوں میں سانحہ کرم ایجنسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور ریاست قبائل کے معاملات کو مرکزیت اور جرگے کی سطح پر حل کرنے، وحدت کے فروغ، زمینی تنازعات کو ضلعی کمیشن کے ذریعے حل کرنے، اور دہشتگرد خوارج کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کے ذریعے ان مسائل کو حل کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاست قبائل کے معاملات کو مرکزیت اور جرگے کی سطح پر حل کرنے، وحدت کے فروغ، زمینی تنازعات کو ضلعی کمیشن کے ذریعے حل کرنے اور دہشتگرد خوارج کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کے ذریعے ان مسائل کو حل کر سکتی ہیں، لیکن متعدد جنگوں میں جانی نقصانات، ظلم و بربریت اور راستوں کی بندشوں کے باوجود حکومت نے صرف چند عارضی اقدامات کر کے ان مسائل کو ٹالنے کی کوشش کی، یہ حکومت کی بدنیتی کا واضح ثبوت ہے، جس کا مقصد جنگ کے ماحول کو برقرار رکھنا اور اس میں شدت پیدا کرنا ہے۔

علامہ جواد نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گرد آزادانہ طور پر کارروائیاں کر رہے ہیں، لیکن حکومت نے علاقے میں فورسز کو تعینات نہیں کیا۔ فوج اور ایف سی موجود ہونے کے باوجود ان کا کردار صرف تماشائی کا بن کر رہ گیا ہے۔ کانوائے کو تحفظ دینے کے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے اور حملے کے دوران انٹیلیجنس ادارے دن دہاڑے ہونے والی بڑی کارروائیوں سے غافل رہے، جبکہ پولیس حملے کے وقت غائب رہی۔ یہ صورتحال حکومت کی مجرمانہ بدنیتی کو مزید نمایاں کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمومی دہشتگردی ریاست، پولیس، افواج اور کبھی کبھار عوام کو نشانہ بناتی ہے، لیکن پارا چنار میں ظلم و بربریت کی نوعیت مختلف اور ایک خاص منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ ان مظالم کا مقصد تشیع کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے، کیونکہ تشیع کی موجودہ ترکیب سیاسی اور سماجی طور پر فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔

تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ضیاء الحق کے دور میں بنایا گیا تھا، جب ریاست نے تشیع کے خلاف دہشت گرد گروہوں کو جنم دیا۔ اس منصوبے کی باقیات آج بھی موجود ہیں اور اب ریاست کے خلاف بھی حملہ آور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ بدستور طاقت کے کھیل، عوام کو گمراہ رکھنے اور قومی وسائل کو ضائع کرنے میں مصروف ہے، جبکہ ملک کے بیشتر حصے دہشت گردوں، فرقہ وارانہ گروپوں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں۔

علامہ سید جواد نقوی نے ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان باغیوں کے حوالے، پنجاب ڈاکوؤں کے قبضے میں اور خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے زیر تسلط ہے۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ ریاستی ادارے پارا چنار کے بارے میں یہ جھوٹی منطق گھڑتے ہیں کہ وہاں زینبیون موجود ہیں جو شام میں داعش کے خلاف لڑے، حالانکہ داعش کے خلاف لڑنا پاکستان کے لیے کسی صورت نقصان دہ نہیں تھا اس کے برعکس ریاست کی سبق سکھانے کی خواہش یہ ظاہر کرتی ہے کہ حکومتی ادارے داعش کے منصوبہ سازوں کے ساتھ کسی نہ کسی طرح کے مفادات رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اور ریاستی ادارے تاریخ سے سبق نہیں لیتے اور عوام کو محض سیاسی مقاصد کے لیے گمراہ کرتے رہیں گے، یہ مسائل حل نہیں ہوں گے، تاہم، ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیاں ملک میں اتحاد اور غیرت کی نئی لہر کو جنم دیں گی، کیونکہ یہ صرف شیعہ کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے فوری طور پر ہوش کے ناخن لیں، روایتی مذمتی بیانات اور بے حسی کو ترک کریں اور مؤثر عملی اقدامات اٹھائیں، تاکہ شہداء کے خون کا حق ادا کیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔ ظالموں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔

آخر میں انہوں نے ظالموں اور قاتلوں کی نابودی کیلئے دعا کی اور امت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اس ظلم کیخلاف آواز بلند کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .