اتوار 5 جنوری 2025 - 21:31
اب تک پارا چنار کے لیے امدادی سامان کا قافلہ روانہ نہ ہونا تشویشناک ہے

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بگن کے مقام پر ڈی سی پر فائرنگ کے دوسرے دن بھی پارا چنار کے لیے امدادی سامان کا قافلہ روانہ نہ ہونا تشویشناک ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم بگن میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے بعد دوسرے روز بھی پارا چنار کے لیے امدادی سامان کا قافلہ روانہ نہ ہونا تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن جرگے کی کامیابی کے بعد ایک گھنٹے میں راستے کھولنے کا دعویٰ کرنے والے صوبائی عہدیدار اب کیوں چپ سادھے ہوئے ہیں؟ تین ماہ سے محصور پارا چنار کے عوام خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت پورا علاقہ انتہائی تکلیف دہ حالات سے گزر رہا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ آخر کرم پارہ چنار کے محب وطن عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے؟ اس سنگین صورتحال کی بدولت ملکی عزت و وقار بھی داؤ پر لگا ہوا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے کہ ریاست ایک روڈ کو دہشت گردوں سے محفوظ بنانے میں ناکام اور بے بس نظر آ رہی ہے، لہٰذا علاقے کو بڑے انسانی المیے سے بچانے کے لیے ایک ایک منٹ بہت اہم ہے اور امدادی سامان پر مشتمل گاڑیوں کے قافلے کو فی الفور پارہ پہنچایا جائے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری اور ضروری عملی اقدامات کرے، تاکہ اشیائے خوردونوش کے بروقت پہنچنے سے عوام کو ریلیف مل سکے، حالات پر قابو پانے کے لیے سنی شیعہ عمائدین کی جانب سے دستخط شدہ معاہدے پر فوری عمل اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے مٹھی بھر شر پسند عناصر کیخلاف مؤثر اور سخت کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha