بدھ 2 جولائی 2025 - 15:51
سلامِ عقیدت؛ حسین آپ نے کربوبلا کی صورت میں/ بنایا عرشِ معلّیٰ زمین پر نایاب

حوزہ/ایام عزاء کی مناسبت سے جناب شاعر اہل بیت مولانا محمد ابراہیم نوریَ قمی کا تازہ کلام، سلامِ عقیدت پیش خدمت ہے۔

شاعر: مولانا محمد ابراہیم نوریَ قمی

حوزہ نیوز ایجنسی|

ہے شام ان کی ضیا بار اور سحر نایاب

مسافرانِ رہِ عشق کا سفر نایاب

اڑان کیوں نہ بھرے فطرُسِ سخن میرا

اسے حسینٔ نے بخشے ہیں بال و پر نایاب

حسین آپ کے دم سے صدف دعاؤں کا

خدا سے پانے لگا گوہرِ اثر نایاب

خدا سے مانگیے شبیر کے وسیلے سے

ملیں گے آپ کو بھی پے بہ پے پسر نایاب

غم حسین میں ہم اشکبار ہونے لگے

ہماری آنکھ میں بننے لگے گہر نایاب

براہِ موت جو لے جائیں زندگی کی طرف

حسینیوں کو ملے ایسے راہبر نایاب

بہ نامِ ذاکرِ شبیرٔ لوگ جانتے ہیں

میں ہوگیا ہوں زمانے میں کس قدر نایاب

حسین آپ نے کر بو بلا کی صورت میں

بنایا عرش معلّیٰ زمین پر نایاب

میں بیتِ مدح سے بیتِ جناں بتاتا ہوں

مجھے عطا کیا ممدوح نے ہنر نایاب

مرے حسین کے دستِ کرم نے لمحوں میں

بنا دیا کوئی پتھر تراش کر نایاب

یہ آنسو پائیں گے رومالِ فاطمہ میں جگہ

حسینی اشک کا ہے نوریَ مستقر نایاب

از قلم: مولانا محمد ابراہیم نوریَ قمی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha