حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی نے متحدہ اُمت لائیرز فورم کے زیر اہتمام جاوید اقبال آڈیٹوریم ہائی کورٹ لاہور میں منعقدہ ’’سیرت امام حسین ؑ امن سیمینار‘‘ میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔

منعقدہ سیمینار میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، واعظین عظام، وکلاء حضرات سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خصوصی طور پر اہل سنت کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل، وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، معروف مذہبی اسکالر ناصر مدنی، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، صاحبزادہ پیر عثمان احمد نوری سمیت دیگر علمائے کرام نے شرکت کی اور سیمینار میں خطاب کیا۔

اس موقع پر رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی نے فرقہ واریت کے خاتمے، باہمی اتحاد و یکجہتی اور ملک خداداد میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھائی چارے کا درس دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ آپس میں اختلافات کو بھلا کر باہمی اخوت ویگانگت کو ترجیح دیں جس سے دشمن کے مذموم مقاصد کو ٹھیس پہنچے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ملک خدادا پاکستان کی سربلندی اور ترقی کے لیے عملی طور پر تمام علماء کرام، وکلاء حضرات، دانشوران سمیت ہر مکتبہ فکر تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔









آپ کا تبصرہ