حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اتحادِ امت فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں علامہ سید جواد نقوی، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او سید محمد امین شیرازی، مولانا ظہیر کربلائی، لعل مہدی خان سمیت مختلف مذہبی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

علامہ سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں اس یقین کا اظہار کیا کہ اجتماعِ مینارِ پاکستان نہ صرف وحدتِ امت اور قومی یکجہتی کا عظیم مظہر بنے گا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت، پُرامن اور ذمہ دار تشخص کو بھی اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہبر کا راستہ وحدتِ امت، استقامت اور مظلوموں کی حمایت کا راستہ ہے اور ملتِ پاکستان ان کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اپنا اخلاقی، انسانی اور قومی فریضہ سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت بدامنی، دہشت گردی اور مختلف داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں شیعیانِ پاکستان اور تمام محبانِ وطن عناصر ملک میں امن، وحدت، استحکام اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے خطے میں مصالحت اور ثالثی کے ذریعے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکنوں کی مسلسل کاوشوں اور عوامی خواہشات کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان اور بالخصوص حکومتِ پنجاب نے "اجتماعِ مینارِ پاکستان، شہیدِ امت کانفرنس" کے انعقاد کی اجازت دی، جس پر ہم وزیرِاعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں، وزراء اور سرکاری حکام کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ اجتماع حکومتِ پنجاب کے تمام ایس او پیز اور ضابطہ کار کے مطابق منعقد ہوگا۔
اس موقع پر علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی سمیت مختلف شیعہ اور سنی دینی و سیاسی جماعتوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شہیدِ امت کانفرنس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں عوام شہیدِ امت کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔










آپ کا تبصرہ