حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ کارکنوں کی مسلسل کوششوں اور کاوشوں کے نتیجے میں حکومت پنجاب نے شہید امت کانفرنس کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس اجتماع کے انعقاد کے لیے خصوصی اجازت دی۔
انہوں نے تمام وزراء، سرکاری افسران اور متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سلسلے میں تعاون کیا۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ تمام قومی طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عظیم اجتماع میں شرکت کریں اور شہید امت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں شیعہ سنی اتحاد کو مزید فروغ ملا ہے۔ اسرائیل نے امت مسلمہ میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کی مگر ملت اسلامیہ نے اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج جب ایران جوابی کارروائی کرتا ہے تو اس پر سب سے زیادہ خوشی اور حمایت کا اظہار پاکستان میں کیا جاتا ہے۔ ملکی استحکام اور سلامتی کے لیے ملت تشیع ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے۔ عسکری اور سیاسی قیادت نے خطے میں ثالثی کا کردار ادا کر کے قابل فخر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے جس انداز میں اپنا کردار ادا کیا، وہ کسی دوسرے ملک کے بس کی بات نہیں تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن، اتحاد اور قومی یکجہتی ہمارا منشور ہے اور شہید امت کانفرنس کے تمام امور حکومتی ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ حکومت اس سلسلے میں سہولت فراہم کر رہی ہے اور منتظمین مکمل تعاون کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔
اس موقع پر کنوینئر شہید امت کانفرنس علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت مختلف شیعہ اور سنی جماعتوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل سے ملک بھر سے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہونا شروع ہو جائیں گے، جبکہ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز شام چار بجے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں خواتین اس اجتماع میں شریک ہوں گی۔









آپ کا تبصرہ