حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علی اویس زیدی نے کراچی میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا استعمار شیعہ سنی کا دشمن نہیں بلکہ وہ اسلام کا دشمن ہے، ہمیں جان لینا چاہئے کہ دشمن ملت اسلامیہ کو ہر طریقے سے شکست دینے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہمیں اسلام کی تعلیمات اور اسوہ رسول (ص) پر عمل پیرا ہو کر یکجا ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم اور امت بن کر ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک باوقار ملک کے باسی ہیں اور اس کیخلاف سازشیں کرنیوالوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منائے گی۔ پاکستان بھر میں قائم آئی ایس او کے تمام یونٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق ہر شہر میں امت مسلمہ کی وحدت کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او تمام تعلیمی اداروں میں بھی اتحاد امت کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کرے گی، جس میں اساتذہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جو اتحاد امت کے حوالے سے لیکچرز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کی ضرورت جتنی اس دور میں ہے پہلے کبھی نہیں تھی، جو شیعہ اور سنی میں تفرقہ پھیلائے وہ نہ شیعہ ہے، نہ سنی بلکہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔
علی اویس زیدی نے مزید کہا کہ آئی ایس او جہاں طلبہ کی ذہنی و فکری تربیت کرتی ہے، وہاں اتحاد امت کیلئے آئی ایس او کی خدمات کافی زیادہ ہیں۔