۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
انقلابِ فرانس، روس اور اسلامی انقلاب کا تقابلی جاٸزہ

حوزہ/انقلابِ اسلامی ایران دین اسلام کی مانند ایک عالمگیر انقلاب ہے جو کسی ایک طبقہ یا مخصوص زمانے سے متعلق نہیں۔

تحریر: محمد بشیر دولتی

حوزہ نیوز ایجنسی انسانی معاشرہ ہمیشہ تغیر پذیر رہا ہے۔یہ تغیر عام طور پر کمال کی طرف گامزن ہے۔اجتماعی طور پر مثبت، ہدف مند اور بہتری کی جانب بڑھنے ،بدلنے اور تبدیل ہونے کو ”انقلاب“ کہا جاتا ہے۔ انیسویں عیسوی کے اواٸل سے لے کر اب تک اس دنیا نے کٸی قسم کے انقلابات دیکھے ہے، جن میں انقلاب فرانس ، انقلاب روس اور انقلاب اسلامی ایران قابل ذکر ہیں۔انقلاب روس و فرانس جزوی ، محدود اور مادی انقلاب تھے جو گروہی و طبقاتی نظام کے خلاف وقتی ضرورت کے سبب وجود میں آئے۔ضرورتوں کے بدلنے سے انقلابات بھی دشمنوں کی کوششوں کے بغیر ختم ہوگئے۔لیکن انقلاب اسلامی ایران ایک اسلامی انقلاب ہے جو کسی ایک ضرورت یا ایک طبقہ یا مخصوص زمانے سے متعلق نہیں۔جس طرح اسلام ہمہ جہت دین ہے جو نہ فقط معنوی و روحی اعتبار سے انسان کی ضرورتوں کو پورا کرتا ہے بلکہ سیاسی و مادی لحاظ سے بھی انسانی ضرورتوں کو پورا کرتا ہے اسلامی انقلاب بھی ایک ہمہ جہت انقلاب ہے۔اسلامی انقلاب فرانسی و روسی انقلاب کے برعکس اپنا الہی مبنا ٕ رکھتا ہے جو قرآن و حدیث میں تفصیل کے ساتھ ذکر ہوا ہے۔یہی وجہ ہے کہ یہ اسلامی انقلاب دنیا کے ستمگروں و استعماری طاقتوں کے لاکھ کوشش کے باوجود نہ فقط باقی ہے بلکہ بڑی آب و تاب کے ساتھ دنیا بھر کے مستضعفین کے لٸے امید بن کر مزید مضبوط اور قوی ہوتا جارہا ہے۔ ہم اس مقالے میں اپنی بساط کے مطابق انسان کے فردی و اجتماعی زندگی میں بہتری کے لٸے اسلامی انقلاب کے مبادی اور ذرین اصولوں کو واضح بیان کرنے کی کوشش کرینگے ۔

انقلاب کا لغوی معنی

دیکھا جاۓ تو اس کا معنی تبدیلی،یا نظام حکومت کی اچانک تبدیلی،الٹ دینا،پلٹانا یا پلٹناکسی عمل یا حالت سے ، زیر و زبر کرنا، اتار چڑھاٶ،پلٹ جانا، رد بدل وغیرہ کے معنوں میں اہل لغات نے بیان کٸے ہیں۔( صفی پوری،منتھی الارب۔رامپوری،غیاث الغات۔بہھقی،تاج المصادر)
انقلاب کا اصطلاحی معنی معاشرے میں لوگوں کے ذریعے بنیادی تبدیلی لانا ہے۔

اس وقت لفظ انقلاب جس معنی و مفھوم میں استعمال ہورہا ہے اسی معنی کے لٸے پہلے لاطینی زبان میں لفظ ”ریوولوٹیو“(Revolutio) استعمال ہوتا تھا جس معنی گردش تھا۔ البتہ گردش کا معنی انگلش میں آسمانی گردش کے معنی کے لٸے مخصوص تھا۔پھر یہ لفظ سترھویں صدی میں ایک سیاسی اصطلاح کے طور پر نمودار ہوا۔البتہ قدیم برطانیہ میں یہ لفظ صدیوں تک آمریت و بادشاہت کی بحالی کے لٸے استعمال ہوتا رہا۔پھر اٹھارویں صدی کے اواخر میں امریکی انقلاب یا فرانسیسی انقلاب کے دوران اس لفظ کا موجودہ راٸج معنی میں استعمال بڑھ گیا۔ اسی لٸے بادشاہ فرانس لوئی سولہ کو ان کے وزیر نے کہا تھا کہ جناب عالی ! یہ فسادات نہیں انقلاب ہے.

انقلاب کی قسمیں:

مفھوم انقلاب کو بہتر سمجھنے کے لئے تبدیلی کی قسموں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔تبدیلی یا انقلاب فردی و اجتماعی میں تقسیم ہوتا ہے۔
انقلاب اجتماعی کی کٸی قسمیں ہیں۔
1-آمریت: کسی فرد واحد یا چند افراد کے ذریعے کسی نظام حکومت کے خلاف کوشش کر کے حکومت حاصل کرنے کو آمریت کہا جاتا ہے۔
2-شورش: معاشرے میں کوٸی گروہ حکومت کے کسی پالیسی یا قانون کے خلاف صداۓ احتجاج بلند کریں ۔ اس کی تبدیلی کے لٸے احتجاج ، ہڑتال ، بھوک ہڑتال ، یا دھرنا دیا جاتا ہے۔ اسے شورش کہا جاتا ہے۔
3-بغاوت:کسی بھی حکومت میں کلی تبدیلی کے لٸے گروہی یا عوامی جدوجہد ہو مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو تو اسے بغاوت اگر کامیاب ہو تو انقلاب کہا جاتا ہے۔

انقلاب و اصلاح میں فرق:

ایک اہم بات انقلاب و اصلاح میں فرق کو جاننا ہے۔
انقلاب:
کلی طور تبدیلی کا وہ طریقہ ہے جو عوام کی طرف سے بنیادی مساٸل و مشکلات کی حل کے لٸے یک مشت احتجاجات و جلاٶ گھیراٶ بلکہ جانوں کی قربانی سے یک مشت لایا جاتا ہے۔

اصلاح:

کسی بھی حکومت کی جانب سے تدریجی طور پر آرام و سکون کے ساتھ سطحی تبدیلی لانے کو اصلاح کہا جاتا ہے۔
اب ہم انقلاب کے مفھوم و مطالب سے آشناٸی کے بعد دنیا کے دو مشہور و معروف انقلاب یعنی انقلاب فرانس و انقلاب روس کا مختصر ذکر کرنے کے بعد انقلاب اسلامی ایران سے مختصر تقابلی جاٸزے کے بعد انقلاب اسلامی ایران کی اہم خاصیت یعنی اس کے مبادی و اصول کو بیان کریں گے۔

انقلاب فرانس:

یوں تو دنیا میں چھوٹے موٹے کٸی انقلاب آۓ ہیں ۔مگر ان انقلابات میں ایک قابل ذکر انقلاب انقلاب فرانس ہے۔
انقلاب فرانس کادورانیہ 1789 سے لے کر 1799 تک دس سال پر مشتمل ہے۔ یہ ایک طبقاتی نظام کے خلاف وقتی جنگ تھی۔یا پھر یہ انقلاب ، مذہبی پادریوں اور اشرافیہ کے خلاف دل برداشتہ عوام کا فیصلہ تھا۔چونکہ پادریوں یا چرچ کے پاس پورے فرانس کی دس فیصد زمینیں تھیں۔ان کے پاس عوام پر ٹیکس لگانے کا مکمل اختیار تھا۔بشپ سارے اشرافیہ سے ہی تعلق رکھتے تھے۔پادری اور اشرافیہ کے ہاتھوں فرانس کے %45 ذرعی وساٸل تھے۔طبقہ اشرافیہ کی عیاشیاں روز بروز بڑھتی جارہی تھی جس کے سبب خزانہ خالی ہوتا جارہا تھا اور خالی خزانے کو بھرنے کے لٸے بےتحاشا ٹیکس لگاۓ جارہے تھے۔اس صورت حال سے عوام سخت نالاں اور دلبرداشتہ تھے۔ان صورت حال و عوامل کے سبب انقلاب فرانس 14 جولاٸی 1789 ٕ کو وجود میں آیا ۔اس وقت فرانس پر بادشاہ ”لوٸی سولہ“ کی حکومت تھی۔
کہتے ہیں کہ اس دن بادشاہ کا قریبی وزیر ملکی حالات سے باخبر کرتے ہوۓ دن بھر کی واقعات بتارہے تھے۔تو بادشاہ نے ٹوکتے ہوۓ کہا کہ ہمیں معلوم ہیں کہ ملک میں فسادات ہورہے ہیں ۔اس پر وزیر نے ہمت کرتے ہوۓ نہایت احترام سے کہا کہ ”جناب عالی یہ فسادات نہیں انقلاب ہے“
اسی روز ہی پیرس میں کا قلعہ جو ایک بدنام جیل کے نام سے معروف ہوچکا تھا۔ یہ جگہ خوف و دہشت کی علامت بن گٸی تھی۔کہتے ہیں کہ اس قلعے میں بادشاہ کے مخالفین کو لاکر ان پر بےتحاشا تشدد کیا جاتا تھا۔اس روز یہاں سات قیدی اور اسلحے کا ایک ڈپو تھا۔اس پر حملہ کر کے نہ فقط قیدیوں کو آزاد کرایا بلکہ انقلابی عوام نے کافی تعداد میں اسلحہ بھی لوٹا۔
ان انقلابیوں نے پیرس کے گورنر کو قتل کر کے ان کا سر بھی ایک نیزہ نما لوہے پہ چڑھا کر دن بھر پورے شہر میں جلوس کی شکل میں پھراتے رہے۔ اس انقلاب کی بنیاد ظاہرا عوامی آزادی ،برابری اور اخوت جیسے نعروں پہ تھا۔جس سے پورے یورپ میں موجود بادشاہوں کے لٸے خطرے کی گھنٹی بجی اس لٸے تمام بادشاہوں نے اس انقلاب کو وہیں ختم کرنا چاہا اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوۓ۔
انقلابات میں انقلابی آٸیڈیا لوجی یا نعرے ہر موڑ پہ بدلتے رہتے ہیں۔انقلاب فرانس کے پیچھے کوٸی منبع یا فلسفہ نہیں تھا بلکہ یہ عوام کی ایک وقتی ضرورت تھی اس وجہ سے یہ دس سال کے عرصے میں کٸی پیچ و خم کھاتے ہوۓ بلآخر ختم ہوگیا۔
یہ انقلاب امن آشتی اور عوام کے لٸے ایک بہترین و پر امن ماحول نہیں لاسکا۔کوٸی قابل قبول عقلی فلسفی یا دینی ضابطہ نہیں دے سکا ۔1794 تک شہر تشدد اور قتل و غارت گری و بد امنی کی آماجگاہ بن گٸی تھی۔
ہرطرف خوف و ہراس کی فضاتھی۔
اس انقلاب کا اختتام انقلاب کے عظیم داعی ”میکس میلاں روۓ سپٸر“ کا سر قلم کرنے سے ہوا۔
1799 میں نپولیٸن نے اقتدار پہ قبضہ کرلیا۔جسے یورپی ممالک نے سراہا مگر جب نپولین کے قدم فرانسيسی سے باہر نکلنے لگے تو یورپی طاقتوں نے اسے بھی ماضی کا حصہ بنادیا۔(ٹیڈ گرانٹ کی کتاب کا ترجمہ۔روس انقلاب سے رد انقلاب تک)

انقلاب روس:

دنیا کے بڑے انقلابوں میں سے ایک انقلاب انقلاب روس ہے۔
عظیم روس میں فروری 1917 میں کھانے پینے کی اشیا ٕ کی عدم دستیابی پر پیدا ہونے والی عوامی بےچینی نے پشت سر دو انقلابوں کی راہ ہموار کی تھی۔پہلا انقلاب ماہ فروری کا تھا اور دوسرا انقلاب سات ماہ بعد سوشلیسٹ بالشویک والوں کا انقلاب تھا۔
روٹی اور دوسرے سامان خوردنوش کی عدم دستیابی سے پیدا ہونے والے انقلاب اور کمزور و بھوکے انقلابیوں کی ناتوان و نحیف احتجاجات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ جس نے روسی بادشاہت کو تخت سمیت زمین بوس کردیا۔آخری روسی بادشاہ ”زار نکولس دوم“ نے تخت سے دومارچ کو دستبرداری کا اعلان کردیا۔
فروری انقلاب کے بعد قاٸم ہونے والی عبوری روسی حکومت بھی مستحکم نہ ہوسکی چونکہ یہ حکومت عوامی ضروریات کو پورا کرنے اور عوامی بےچینی میں کمی لانے میں ناکام و نامراد رہی۔
یوں اس بےچینی و افراتفری سے ”لینن“ کی قیادت میں اٹھنے والی مارکس بالشویک انقلاب کی راہ ہموار ہوتی چلی گٸی۔
بلآخر 25 اکتوبر 1917 کو بالشویک انقلابیوں نے شاہی دارالحکومت ”سینٹ پیٹرز برگ“ میں سرکاری عمارتوں پر قبضہ شروع کیا۔
جولاٸی 1918 میں سارے شاہ خاندان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔
بالشویک انقلاب کے بعد لینن نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 1922 میں وسیع و عریض کمیونسٹ سوشلسٹ ریاست کو قاٸم کیا تھا۔یہ عظیم انقلاب بھی اپنی سات دہاٸیاں مکمل کرنے کے بعد 1991ء میں اپنے منطقی انجام تک پہنچا۔

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .