۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
رہبر معظم

حوزہ/ ایران کے چودہویں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالنے کے بعد رہبر انقلاب سے ایک انٹرویو لیا گیا جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے چودہویں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالنے کے بعد رہبر انقلاب سے ایک انٹرویو لیا گیا جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم، اسلامی انقلاب کے معظم، معزز اور دانا رہبر کی خدمت میں سلام و ادب اور تعظیم پیش کرتا ہوں۔ جناب عالی کی صبح ان شاء اللہ بخیر و عافیت اور صحت و سلامتی کے ساتھ ہو۔ ہم شہیدان خدمت بالخصوص شہید صدر عزیز رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کے انتقال کی وجہ سے چودھواں صدارتی الیکشن منعقد ہو رہا ہے۔
آپ نے 3 جون 2024 کو پرشکوہ الیکشن کی بات کی تھی اور عید غدیر کے دن، ایران کی سرفرازی اور مضبوط ایران کے لیے الیکشن میں عوام کی بھرپور شرکت اور زیادہ سے زیادہ شرکت کی بات کی تھی اور اس پر زور دیا تھا۔ اس وقت جب چودھویں صدارتی الیکشن کے لیے ووٹ کاسٹنگ کا بالکل شروعاتی وقت ہے، ملک کے استحکام اور پیشرفت میں صدر کی بے جوڑ پوزیشن اور رول کے پیش نظر ان لوگوں کو آپ کی آخری سفارش کیا ہے جو اب بھی الیکشن کے بارے میں شش و پنج کا شکار ہیں یا جنھوں نے ابھی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے؟

رہبر انقلاب: بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ میں خداوند عالم سے اپنی عزیز قوم کے لیے بہترین دنوں اور برسوں کی اور سب سے بڑی برکتوں کی دعا کرتا ہوں۔ ہم ایرانیوں کے لیے الیکشن کا دن، فرحت و شادی کا دن ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب الیکشن، صدر کے انتخاب کے لیے ہو جو عوام کے انتخاب کے ذریعے ملک کے آئندہ کئی سال کے لیے چنا جاتا ہے۔ لیکن میرے خیال میں اسی کے ساتھ ایک اور اہم موضوع ہے اور وہ ہے عوام کی بھرپور شرکت اور رائے دہندگان کی کثرت اور تعداد میں اضافہ۔ یہ اسلامی جمہوریہ کے لیے ایک یقینی ضرورت ہے۔ اسلامی جمہوریہ کا نام یعنی لفظ 'جمہوریہ' اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس نظام میں عوام کی شرکت کو ملحوظ رکھا گيا ہے۔ بنابریں دنیا میں اسلامی جمہوریہ کا تسلسل، اسلامی جمہوریہ کا استحکام اور اسلامی جمہوریہ کا وقار عوامی مشارکت پر منحصر ہے۔ اسی لیے ہم اپنے عزیز عوام کو ووٹ ڈالنے کی سفارش کرتے ہیں، وہ اس اہم سیاسی امتحان میں شرکت کو اہم سمجھیں اور شرکت کریں اور یہ جو آپ کہہ رہے ہیں کہ بعض لوگ شش و پنج میں مبتلا ہیں تو مجھے اس تذبذب کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی۔ یہ ایک آسان کام ہے جس کے اہم نتائج ہیں۔ کیوں انسان ایک ایسے کام کے لیے جس میں کوئی خرچ نہیں ہے، کوئی زحمت نہیں ہے، کوئی پیسہ خرچ نہیں کرنا ہے، وقت صرف نہیں کرنا ہے، جس میں کوئی دباؤ نہیں ہے لیکن اس کے بہت سارے فوائد ہیں، تذبذب کا شکار ہو؟ لوگ شش و پنج میں مبتلا نہ ہوں۔ خاص طور پر اسی نکتے کے پیش نظر جس کی طرف میں نے اشارہ کیا اور وہ یہ کہ اسلامی جمہوریہ کی بقا اور مضبوطی عوام کی شراکت پر منحصر ہے اور اسلامی جمہوری نظام کی سچائی اور صداقت کو ثابت کرنے کے لیے عوام کی موجودگی ایک ضروری اور لازمی کام ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان شاء اللہ خداوند عالم اس ملک کے لیے بہترین انتخاب اور سب سے مفید انتخاب کو مقرر کرے گا اور ان شاء اللہ آنے والے سال، اچھے اور خاطر خواہ برس ہوں گے اور عوام اپنے انتخاب سے راضی ہوں گے۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

خدا حافظ، خدا حافظ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .