۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
راجہ ناصر

حوزہ / ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت کے آرزؤ مندوں کو اس طرح کی کارروائیوں سے ڈرایا جانا ممکن نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حماس کے عظیم رہنما اور اس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر فلسطین کی مجاہد اور مظلوم عوام اور فلسطینی بہادر مقاومتی تحریکوں کے نام پیغام جاری کیا ہے۔ جس کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

'مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ ۖ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ ۖ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا [سورة الأحزاب: ٢٣]

ترجمہ: مومنین میں ایسے بھی مردُ میدان ہیں جنہوں نے اللہ سے کئے وعدہ کو سچ کر دکھایا ہے ان میں بعض اپنا وقت پورا کرچکے ہیں اور بعض اپنے وقت کا انتظار کررہے ہیں اور ان لوگوں نے اپنی بات میں کوئی تبدیلی نہیں پیدا کی ہے۔

حماس کے عظیم رہنما اور اس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت کی خبر سن کر ہم بہت دکھی اور افسردہ ہیں ،یہ شہادت غاصب صہیونی دشمن کی بزدلانہ کاروائی کا نتیجہ ہے۔

ہم مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے اس عظیم مصیبت کے موقع پر فلسطینی بہادر عوام، مقاومت کے بہادر فرزندوں، اور شہید سعید کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہیں اور آپ کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم رنج و غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

غاصب صہیونی دشمن کی طرف سے اس جیسی بزدلائی کاروائیاں فلسطینی عوام کے عزم و حوصلہ، ارادے، اور ثابت قدمی کے رستے میں بالکل بھی حائل نہیں ہو سکتیں، بلکہ یہ مظالم اور غیر انسانی کاروائیاں اس بات کا سبب بنتی ہیں کہ فلسطینی عوام اپنے قانونی اھداف حاصل کرنے کے لئے مزید قوت و طاقت کے ساتھ میدان عمل میں آگے بڑھیں، اپنی مزاحمت اور مقاومت کو مزید مضبوط اور بہتر بنائیں، یہاں تک کہ وہ فتح مبین اور اپنے تمام غصب شدہ حقوق کو حاصل کر لیں۔

شہدا کا یہ مقدس خون کبھی بھی رائیگاں نہیں جائے گا، بلکہ ہمیشہ آزادی و حریت، عزت و شرف اور کرامت کی راہوں کو روشن کرتا رہے گا۔

ہم یہ بات جانتے ہیں، کہ جناب اسماعیل ہنیہ کی شہادت ایک بہت بڑا سانحہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ فلسطینی مقاومت اور مزاحمت پہلے کی طرح مضبوط اور ثابت قدم رہے گی، اور جب تک کامیابی حاصل نہ کر لے، اپنے راستے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

جناب اسماعیل ہنیہ کی عظیم میراث ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی اور ان کی مقدس روح آنے والی نسلوں کے دلوں کو تپش، ہمت اور عزم و حوصلہ عطا کرے گی۔

رب کریم کی بارگاہ میں دست بدعا ہیں، کہ وہ مرحوم کو غریق رحمت فرمائے، ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

فلسطینی عوام اور بہادر فسلطینی مقاومت سے یہ ہمارا عہد ہے، کہ ہم ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، یہاں تک کہ آپ آزادی اور حریت کی عظیم نعمت حاصل کر لیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان دل و جان سے آپ کے ساتھ کھڑی ہے، اور آپ کی عادلانہ اور قانونی مزاحمت اور لڑائی کی تائید کرتی ہے، ہم ہر پلیٹ فارم پر آپ کے لئے آواز بلند کریں گے، اور یہ مطالبہ کریں گے، کہ ظالم صہیونیوں کے حملے فورا بند ہوں، اور جنہوں نے بھی اس جنگ میں انسانیت سوز جرائم کئے ہیں، ان کو سزا ملنی چاہیے۔

انا للہ وانا الیہ راجعون

سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، چیرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان

31 جولائی 2024 بروز بدھ

اسلام آباد، پاکستان

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .