۱۳ آذر ۱۴۰۳ |۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 3, 2024
علی جمعه مفتی سابق مصر

حوزہ/ الازہر کی کبار علماء کونسل کے رکن اور مصر کے سابق مفتی، علی جمعہ نے اہلبیت اظہار علیہم السلام کی محبت اور ان سے تمسک پر زور دیا۔ انہوں نے قرآنی آیت "قُلْ لا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَىٰ" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکم اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے جس میں رسولؐ کو اہل بیتؑ کی محبت کو لوگوں تک پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الازہر کی کبار علماء کونسل کے رکن اور مصر کے سابق مفتی، علی جمعہ نے اہلبیت اظہار علیہم السلام کی محبت اور ان سے تمسک پر زور دیا۔ انہوں نے قرآنی آیت "قُلْ لا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَىٰ" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکم اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے جس میں رسولؐ کو اہل بیتؑ کی محبت کو لوگوں تک پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔

علی جمعہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مشہور حدیث ثقلین کا ذکر کیا جس میں نبی کریمؐ نے فرمایا: "میں تمہارے درمیان دو قیمتی چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں؛ ایک اللہ کی کتاب، جس میں ہدایت اور نور ہے، اور دوسرا میرے اہل بیتؑ۔" انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ نے امت کو تاکید کی کہ قرآن اور اہل بیتؑ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں تاکہ گمراہی سے محفوظ رہ سکیں۔ یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہؐ نے اہل بیتؑ کی پیروی کو دین کی بقا کے لیے ضروری قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے اہل بیتؑ سے محبت اور ان کے اتباع کو دین کا حصہ بنایا ہے، اور یہ حکم ہر زمانے میں جاری ہے۔ اس محبت کا تسلسل ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ اہل بیت علیہم السلام ہر دور میں موجود رہیں گے، کیونکہ ان کا وجود حق و حقیقت کی نشانی ہے۔

علی جمعہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کے نسب اور خاندان کو محفوظ نہیں رکھا سوائے اہلبیت رسول (ص) کے، اور یہ اہل بیتؑ کو امت کے لیے بطور دلیل باقی رکھنے کا واضح پیغام ہے۔

سابق مفتی مصر نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاندان کو "کوثر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے نبی کریمؐ کی اولاد کو کثرت کے ساتھ دنیا بھر میں پھیلایا، جس سے نبوت کی حقیقت کو دوام ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسل حضرت امام حسنؑ اور حضرت امام حسینؑ سے جاری ہوئی، اور اگرچہ ان کے ساتھ مختلف امتحانات اور ظلم و ستم کا سامنا رہا، لیکن اللہ نے ان کی نسل کو دنیا کے مشرق و مغرب میں پھیلا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کا وجود اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہؐ کی ذات اور ان کی تعلیمات نہ صرف ایک حقیقت تھیں بلکہ ان کا فیض قیامت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی دنیا میں رسول اللہؐ کے نسب سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں جو اپنے کردار اور اعمال سے دین اسلام کی سچائی اور حقانیت کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .