ہفتہ 18 اکتوبر 2025 - 07:00
جعفریہ سپریم کونسل: جنرل الغماری نے یمن کی آزادی، خودمختاری اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں اپنی جان قربان کی

حوزہ/جعفریہ سپریم کونسل مظفر آباد جموں وکشمیر پاکستان نے یمنی فوج کے سربراہ کی غاصب اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم قربانی صرف یمن کے لیے ہی نہیں، بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی جعفریہ سپریم کونسل کے چیئرمین ایڈووکیٹ سید زوار حسین نقوی نے یمن کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد عبد الکریم الغماری کی صیہونی جارحیت کے نتیجے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم قربانی صرف یمن کے لیے ہی نہیں، بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید جنرل الغماری نہ صرف یمن کے ایک باصلاحیت، مدبر اور دلیر کمانڈر تھے، بلکہ امتِ مسلمہ کے دفاع اور فلسطینی عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کے روشن نشان تھے۔ ان کی شہادت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ یمن کی مزاحمتی قیادت اور عوام، امتِ اسلامیہ کے دفاع کی حقیقی فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔

سید زوار حسین نقوی نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے یمن کے خلاف حالیہ جارحیت نہ صرف کھلی دہشت گردی ہے، بلکہ عالمی قوانین اور انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔ عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے ان اقدامات کا نوٹس لے اور اس کی روک تھام کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہید جنرل محمد عبد الکریم الغماری نے یمن کی آزادی، خودمختاری اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے اپنی جان قربان کی اور ان کا خون امت کے ضمیر کو بیدار کرنے کا پیغام دے رہا ہے۔

سید زوار نقوی نے یمن کی مسلح افواج، مزاحمتی قیادت، شہید کے اہلِ خانہ، یمنی عوام اور بالخصوص قائدِ انقلاب سید عبد المالک بدر الدین الحوثی کی خدمت میں گہرے رنج و غم کے ساتھ تعزیت پیش کی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید الغماری کے درجات بلند فرمائے، یمنی قوم کو صبرِ جمیل عطا کرے اور امتِ مسلمہ کو ظلم و استکبار کے خلاف متحد ہونے کی توفیق دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha