منگل 3 فروری 2026 - 01:14
شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان: رہبرِ معظم مستضعفین جہاں کے دلوں کی دھڑکن اور فلسطینی مظلوموں کی امید ہیں

حوزہ/شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے جواری ٹرمپ کی طرف سے رہبرِ معظم کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبرِ معظم مستضعفین جہاں کے دلوں کی دھڑکن اور فلسطینی مظلوموں کی امید ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے جواری ٹرمپ کی طرف سے رہبرِ معظم کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبرِ معظم مستضعفین جہاں کے دلوں کی دھڑکن اور فلسطینی مظلوموں کی امید ہیں۔

مکمل بیان مندرجہ ذیل ہے:

بسم الله الرحمٰن الرحيم

الحمد لله رب العالمين، والصلوة والسلام على سيدنا محمد و آله الطاهرين.

علمائے کرام، دانشوران قوم و ملت، با شعور سیاسی و سماجی شخصیات اور کسی بھی بیدار ضمیر و انصاف پسند فرد سے حقیقت پوشیدہ نہیں ہے کہ آج پوری دنیا خصوصاً امت مسلمہ ایک انتہائی نازک اور حساس مرحلہ سے گزر رہی ہے۔ بین الاقوامی اداروں اور علمی اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر ظلم و استکبار کی طاقتیں (امریکہ اور اس کے صیہونی حلیف اسرائیل) اپنے مفادات کی خاطر پوری دنیا کے امن و امان کو غارت کرنے پر تلی ہوئی ہیں اور اسلامی دنیا کے جلیل القدر مرجع عظیم المرتبت فقیہ، ولی امسلمین، رہبرِ انقلاب اسلامی آیت الله العظمٰی سید علی حسینی خامنہ ای (دامت برکاتہ) کے خلاف سازشوں اور دھمکیوں پر اتر آئی ہیں۔ یہ اقدام کسی ایک شخصیت تک محدود نہیں، بلکہ امت مسلمہ کی عزت اور اس کے تشخص پر حملہ ہے؛ یہ اقدام محض سیاسی اختلاف نہیں، بلکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کھلی دشمنی کا اظہار و اعلان ہے۔

رہبرِ معظم محض ایک ملک کے سیاسی قائد ہی نہیں، بلکہ دنیا بھر میں پھیلے تمام افراد کے لیے مستند مذہبی رہنما اور معتبر فقیہ بھی ہیں۔

دنیا بھر کے مستضعفین کے دلوں کی دھڑکن اور فلسطین کے مظلوموں کی امید، قدس شریف کی آزادی کی صدا اور لبنان، یمن و عراق کے ستم رسیدہ عوام کے حوصلے ان کی قیادت سے جڑے ہوئے ہیں۔ آپ کی بابصیرت اور کامیاب قیادت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ظلم کے سامنے جھکنا نہیں، بلکہ صبر، حکمت اور وحدت کے ساتھ ڈٹ جانا ہی اہل ایمان کا راستہ ہے۔

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ بات واضح کرتی ہے کہ رہبرِ معظم کو دی جانے والی دھمکیاں در حقیقت پوری امت اسلامیہ کو للکارنے کے مترادف اور یہ طرزِ عمل انسانی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور اسلامی تعلیمات کے سراسر خلاف ہے۔

ہم تمام علماء، دانشوروں، سیاسی و سماجی شخصیات، انصاف پسند اور بیدار ضمیر افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مذہبی و مسلکی اختلافات سے بلند ہو کر ایک آواز میں اس ظلم کی مذمت کریں اور حق و انصاف کے مؤقف پر ثابت قدم رہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ رہبرِ معظم کو صحت، سلامتی اور مزید ہمت و حوصلہ عطا فرمائے! امت کو باہمی اتحاد نصیب کرے اور مظلوموں کو جلد نصرت سے سرفراز فرمائے۔

والسّلام علیکم و رحمة الله و بركاته

شیعہ علماء اسمبلی، ہندوستان؛ مولانا جواد حیدر رضوی

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان: رہبرِ معظم مستضعفین جہاں کے دلوں کی دھڑکن اور فلسطینی مظلوموں کی امید ہیں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha