حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ محمدی قائینی نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ایؒ کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: یہ ایک عظیم سانحہ ہے جو صرف ایران یا صرف شیعوں تک محدود نہیں بلکہ تمام مسلمانوں سے تعلق رکھتا ہے۔ جمہوریہ اسلامی ایران کے رہبرِ معظم اور امتِ اسلامی کے قائدِ اعلیٰ کی شہادت پورے عالمِ اسلام کا غم ہے بلکہ مسلمانوں سے بھی بڑھ کر دنیا کے تمام آزادی پسند انسانوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
استادِ حوزہ علمیہ قم نے کہا: رہبرِ معظم انقلاب کی شہادت تمام امتِ مسلمہ کے لیے ایک تلخ مصیبت ہے اور یہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے چاہے وہ اسلامی ہوں یا غیر اسلامی، اس واقعے پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے، تعزیتی اجتماعات اور سوگواری منعقد ہوئی ہے یہاں تک کہ امریکہ اور یورپ کے بعض ممالک میں بھی مومنین نے احتجاج کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ایک دانا، باوقار اور خوش نام رہبر، جو ائمہ اطہار علیہم السلام کی نسل سے تھے اور جن کی نسبت سید الشہداء علیہ السلام سے تھی، انہیں نہایت بے رحمی کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل نے نشانہ بنایا۔ اس سانحہ پر بعض گروہوں کی خوشی اس جملے کی یاد دلاتی ہے: “فرحت آل زیاد و آل مروان بقتلهم الحسین علیہ السلام” یعنی یہ وہی خوشی ہے "جس طرح آلِ زیاد اور آلِ مروان نے امام حسینؑ کی شہادت پر خوشی منائی تھی"۔
آیت اللہ محمدی قائینی نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ جلد ہی انتہائی قابل اور اہل شخصیت کو رہبری کی ذمہ داری عطا فرمائے گا تاکہ ملک کے امور بہتر طریقے سے چلتے رہیں اور نظامِ اسلامی کا تسلسل اللہ کے فضل سے برقرار رہے۔ ان شاء اللہ۔









آپ کا تبصرہ