جمعہ 6 مارچ 2026 - 17:35
اس ملک اور نظام کے اصلی مالک حضرت امام زمان (عج) ہیں / ایک اور خامنہ ای آنے والا ہے

حوزہ / قم کے امامِ جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا: شہید رہبرِ انقلاب کی دیرینہ خواہش شہادت تھی جو طویل مخلصانہ اور جرات مندانہ جدوجہد کے بعد پوری ہوئی۔ دشمن ریڈ لائنز کو عبور کر چکا ہے ان شاءاللہ ہم کسی صورت پسپائی اختیار نہیں کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ سید سعید حسین سعیدی نے 15 اسفند 1404 (6 مارچ 2026ء) کو قم کے مصلّیٰ قدس میں منعقدہ نماز جمعہ کے خطبوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا: رہبرِ معظم انقلاب کی شہادت کے بعد ہمیں اس غم اور درد کو ایک عظیم حماسے میں تبدیل کرنا ہو گا اور یہ ایرانی عوام کی قدیم روایت رہی ہے۔

انہوں نے کہا: رہبرِ انقلاب آج بھی ہمارے رہبر ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں بھی ہمارے رہبر تھے اور شہادت کے بعد ان کی قیادت و رہبری کی عظمت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

خطیب جمعہ قم نے امام خمینی (رہ) کی وصیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ایک خدمت گزار کے چلے جانے سے قوم کے ارادے میں کوئی خلل نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا: عوام کی مساجد، میدانوں اور مختلف اجتماعات میں موجودگی دشمن کو مایوس کرتی ہے۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا: رہبر شہید کے خون کا بدلہ لینے کے لیے منعقدہ عوامی اجتماعات دشمن کی کمر توڑ دیں گے۔ مسلح افواج نے بھی اعلان کیا ہے کہ پائیدار دفاعی طاقت کے قیام اور حملہ آور کو مکمل سزا دینے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

انہوں نے کہا: اس ملک اور نظام کے اصلی مالک حضرت امام زمان (عج) ہیں اور رہبر معظم کی شہادت کے بعد بھی ایرانی قوم خود کو تنہا محسوس نہیں کرتی۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا: جو بھی شخص یا گروہ صہیونی حکومت اور امریکہ کو دوبارہ طاقت دینے کی کوشش کرے گا وہ امتِ اسلام سے غداری کرے گا اور عوام ایسے عناصر کو مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: دشمنوں کو بھاری نقصانات پہنچے ہیں لیکن ان کی میڈیا سنسرشپ کی وجہ سے ان کے عوام ان نقصانات سے بے خبر ہیں۔ انقلاب اسلامی کے بعد امریکہ، صہیونی ریاست اور مغرب کے ناجائز مفادات خطرے میں پڑ گئے ہیں اور اسی لیے وہ ایران کے وسائل پر قبضہ کرنے اور ایران کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

خطیب جمعہ قم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: وہ جان لے کہ ایران کے تیل اور وسائل تک پہنچنے کا اس کا مذموم خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا: ایک اور خامنہ ای آنے والا ہے اور مجلس خبرگان کے منتخب کردہ رہبر کی اطاعت سب پر واجب ہو گی۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا: اس جنگ میں کامیابی کے بعد عالمی نظام تبدیل ہو گا اور امریکہ کو دنیا اور خطے میں سابقہ مقام حاصل نہیں رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha