حوزہ نیوز ایجنسی کے بین الاقوامی نمائندہ خصوصی کی رپورٹ کے مطابق :حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مایہ ناز مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی شیخ محمد اسحاق فیاض نے ایک سوال کے جواب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر ماسک اور دستانے پہننے کو واجب اور انسانی فرض قرار دیا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی اور اپنی فیملی کی زندگیوں کی حفاظت پر شک کرنے والوں پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے ۔
استفتاء کا متن مندرجہ ذیل ہے:
یہ دیکھتے ہوئے کہ عراق میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد حالیہ دنوں میں دستانے اور ماسک پہننے جیسے صحت کے رہنما اصولوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بڑھ چکی ہے ، جناب عالی کی نظر میں آیا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے ماسک اور دستانے پہننا واجب ہے؟
آیت اللہ العظمی فیاض کا جوابی متن:
اگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا امکان ہے تو ، ماسک اور دستانے پہننا شرعی طور پر واجب ہے۔کیا آپ کو ماہر ڈاکٹروں ، خصوصی کمیٹیوں ، علاقائی اور عالمی مراکز صحت ، بحران سے نمٹنے والی اور سیکیورٹی کمیٹیوں ، اور دنیا بھر کی حکومتوں کے مشورے نظر نہیں آتے جو کہتے ہیں کہ علاج و معالجے سے احتیاطی تدابیر بہتر ہیں ؟
احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی اتنی ہدایت کے باوجود، دستانے اور ماسک پہننے کی ضرورت پر کیسے شک کرتے ہیں؟ لہذا ، یہ مسئلہ شرعی طور پر واجب ہے ، بلکہ یہ شریعت مقدسہ کے مستحکم ترین واجبات اور انسانی ، اجتماعی فرائض میں سے ایک ہے. پس کیسے اپنی اور اپنے اہل و عیال اور دوسروں کی حفاظت پر شک کرتے ہیں ؟؟
کون سا عاقل انسان اس مسئلے کے واجب ہونے میں شک کرتا ہے؟