۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
نئی دہلی میں اہل بیت کونسل کے زہر اہتمام پیغام عاشورا کانفرنس کا انعقاد

حوزہ/ انسانی معاشرہ حریت وآزادی کا وہ راستہ پا سکے جس کو مظلوم کربلا امام حسین نے ظلم و نا انصافی کے مقابلے میں قیام واستقامت کے  ذریعہ حریت پسند اور آزاد ضمیر انسانوں کے لئے معین کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/اہل بیت کونسل انڈیا کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی استقبال محرم الحرام میں " عاشورا کانفرنس اور اجلاس مبلغین" کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مشاہیر علماء کرام نے اہمیت عاشورا اور مقصد قیام امام حسینؑ کے حوالے سے تقاریر کیں اور مبلغین عاشورا کو واقعہ کربلا کے سلسلے میں ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ عاشورا اور ایام عزا کے حوالے سے ہمارا اولین فریضہ دنیا کو مقصد قیام حسینی سے آگاہ کرنا ہے تاکہ انسانی معاشرہ حریت وآزادی کا وہ راستہ پا سکے جس کو مظلوم کربلا امام حسین نے ظلم و نا انصافی کے مقابلے میں قیام واستقامت کے ذریعہ حریت پسند اور آزاد ضمیر انسانوں کے لئے معین کیا ہے۔

مولانا سید شمیم الحسن رضوی کی صدارت میں منعقدہ اس کانفرنس میں مہمان خصوصی حاج آقائی شیخ مہدی مہدوی پور اور مولانا قاضی سید محمد عسکری کے علاوہ دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر مولانا شمیم الحسن رضوی نے کہا کہ ہر دور میں ذرائع ابلاغ تبدیل ہوتے ہیں مگر واقعہ کربلا کا میڈیا عزاداری، عزادار اور عزاخانے ہیں جو ہمیشہ مقصد کربلا کےابلاغ کا ذریعہ رہے ہیں۔
حجۃ الاسلام و المسلمین مہدی مہدوی پور نمائندہ رہبر انقلاب اسلامی ہندوستان نے کہا کہ کربلا حق پرستی کا راستہ اور ظلم کے خلاف ایک مسلسل تحریک ہے انہوں نےکہا کہ مبلغین عاشورا کی ذمہ داری ہے کہ وہ امام حسین کے پیغام کو عام کریں اور دوسروں کو بھی مقصد کربلا سے روشناس کرائیں۔

کانفرنس میں مولانا سید محمد عسکری نے مقصد امام حسین کو اصلاح امت محمدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصلاح کی راہ میں مصلحت پسندی اور خوف ضرر،کربلائی کردار سے مطابقت نہیں رکھتا۔ شیعہ جامع مسجد دہلی کے امام و خطیب مولانا سید محسن تقوی نے کہا کہ عزاداری اور اس کے تمام شعائر کا بنیادی مقصد اپنے کردار کو کربلائی بنانا ہے۔ مولانا شمشاد احمد رضوی نے تاکید کی کہ واقعات کربلا کو محکم دلائل و حقائق کی روشنی میں بیان کیا جانا چاہئیے۔

اہل بیت کونسل کے صدر مولانا محمد رضا غروی نے مہمان علماء وشرکاء کی خدمت میں استقبالیہ کلمات ادا کئے اور نعت پاک مولانا مرزا عرفان علی جبکہ مولانا جنان اصغر مولائی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

اس کانفرنس میں مولانا سید شمیم الحسن رضوی کی خدمت میں اہل بیت کونسل کی جانب سے سپاس نامہ اور 'اعتراف خدمات ایوارڈ' پیش کیا گیا۔ حاج آقائی شیخ مہدی مہدوی پور کی خدمت میں 'وقار ولایت ایوارڈ' پیش کیا گیا۔ بزرگ شاعر رضا امروہوی، معروف مرثیہ خوان خورشید اکبر مظفرنگری اور انجمن دستہ عباسیہ کے مشہور نوحہ خوان محمد اختر کو 'خادم عزا ایوارڈ' سے نوازا گیا۔ اہل بیت کونسل انڈیا کے سکریٹری مولانا جلال حیدر نقوی نے علماء کرام اور حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔

مبلغین کا عاشورا اور ایام عزا کے حوالے سے اولین فریضہ، دنیا کو مقصد قیام حسینی سے آگاہ کرنا ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .