۱۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 30, 2024
جشن مبارکپور

حوزہ/ رسول خداحضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سارے عالمین کے لئے سراپا رحمت ہیں۔کتنے تعجب کی بات ہے کہ لوگ مشہور کئے ہوئے ہیں کہ حلیمہ سعدیہ نے رسول خدا کو پالا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ نے حلیمہ کو پالا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا علی حیدر عابدی نے چاند نوادہ مبارکپور میں محفل مقاصدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا: رسول خداحضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سارے عالمین کے لئے سراپا رحمت ہیں۔کتنے تعجب کی بات ہے کہ لوگ مشہور کئے ہوئے ہیں کہ حلیمہ سعدیہ نے رسول خدا کو پالا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ نے حلیمہ کو پالا۔سیرت ِ ابن اسحاق جو بلند پایہ عالم اہل سنت محمد ابن اسحاق تابعی کی سیرتِ رسول اللہ پر مشہور و معروف تصنیف ہے اس میں لکھا ہے کہ حلیمہ کا بیان ہے کہ جس دن میں نے سرور کائنات کو گود میں لیا ہماری حالت یکسر بدل گئی۔میری خشک چھاتیوں میں دودھ اتر آیا،ہماری بکریوں اور اونٹنی کے تھن دودھ سے بھر گئے،ہماری سواری کا گدھا جو کمزور و سست رفتار تھا تندرست اور تیز رفتار ہو گیا۔سب حلیمہ کی تعریف و توصیف بیان کرتے تھے کہ حلیمہ کتنی خوش قسمت ہے کہ جس کو ایسا سعادت مند بچہ مل گیا۔آج تک کوئی حلیمہ کے ایمان و اسلام کے بارے میں سوال نہیں کرتا کہ وہ کب اور کیسے اسلام لائی تھیں بلکہ سب خاموش ہیں۔جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کسی معصوم نبی و رسولؐ کے پالنے والوں کے ایمان کے بارے میں شک کرنا بھی گناہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار مولانا سید علی حیدر عابدی سہارنپوری نے بتاریخ ۱۶؍اکتوبر بروز اتوار بوقت ۸؍بجے شب انجمن عباسیہ نوادہ مبارکپور کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ جشن محمدیؐ بمناسبت ولادت با سعادت حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام بمقام صحن امامباڑہ دربار حسینی محلہ چاند پورہ نوادہ مبارکپور میں خطاب کے دوران کیا۔

مولانا نے مزید فرمایا کہ کاش دنیا کے تمام مسلم ممالک سرکاری و حکومتی پیمانہ پر جشن میلاد النبیؐ کا اہتمام کرتے تو شاید دنیا میں کہیں بھی کسی کوشان رسالت میں گستاخی کرنے کی جرأت و ہمت نہ ہوتی،خداوند عالم حضر ت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو جنت میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے جنھوں نے ۱۲؍ ربیع الاول تا ۱۷؍ ربیع الاول ’’ ہفتہ وحدت ‘‘ منانے کا حکم دیا جس پر دنیا بھر میں عوامی سطح پر عمل ہو رہا ہے۔ اور شیعہ و سنی مسلمانوں میں اتحاد کا باعث بن رہا ہے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس کے بعد مولانا حسین عباس،مولانا محرم علی،مولانا حسن عباس شہیدی نے نعتیہ کلام پیش کئے۔اور انجمن عباسیہ نوادہ،انجمن فیض پنجتن کٹرہ،انجمن امامیہ املو،انجمن سجادیہ پورہ دیوان،انجمن انصار حسینی قدیم،انجمن انصار حسینی رجسٹرڈ،انجمن معصومیہ،انجمن عزادار حسینی نے بارگاہ رسالت و امامت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔نظامت کے فرائض آل عباء اعظمی نوادہ نے بحسن و خوبی انجام دئے۔اس موقع پر مولانا ابن حسن املوی واعظ،محمد قاسم جوادی،عباس احمد غدیری،علی سجاد،جاوید رضا ،فیض احمد،عابد حسین ،جعفر حیدر،مطفر حسین،قیصر رضا،علی ضیاء،ناظم علی سمیت کثیر تعداد میں مومنین شریک جشن ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .