حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اسرائیل کی دہشت گرد حکومت کافلسطینی قوم پر وحشیانہ حملہ اور مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ہر روز ان جرائم کا ارتکاب کرکے اپنی زندگی تنگ کر رہا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے دہشت گرد صیہونی حکومت کی جارحیت اور وحشیانہ حملوں کے خلاف مظلوم فلسطینی قوم کی مزاحمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جو بوؤئے گا وہی کاٹے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ دہشت گرد صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں ردعمل کا اظہار کر رہی ہیں جو کہ مکمل طور پر فطری اور جائز اقدامات ہیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم لیکن جری عوام صیہونی حکومت کی منظم دہشت گردی کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے نہیں ہیں، صیہونی حکومت اپنے مظالم، جرائم اور شرارتوں سے اپنی زندگی تنگ کرتی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنی خفیہ ایجنسی کے ساتھ مل کر دہشت گردانہ کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کی مدد سے کار میں سوار مزاحمتی فورس کے تین فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے، مزاحمتی فورس جہاد اسلامی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے ہرمیس- 450 ڈرون سے نشانہ بننے والے تینوں جوان شہید ہو گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی مزاحمتی قوتوں نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اس دہشت گردانہ حملے کا منہ توڑ جواب لینے کے لیے تیار رہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ جیسے جیسے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جانب سے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں فلسطینی مزاحمتی محاذوں کی طرف سے ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔