حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ولادت حضرت صاحب العصر و الزمان (عج) کے موقع پر ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے زیراہتمام ’’مہدویت نجات بشریت‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان سیمینار اور نئی کابینہ کی تقریب حلف برداری مسجد و امام بارگاہ سیدالشہدا (ع) اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی۔
سیمینار سے آیت اللہ شیخ غلام عباس رئیسی، علامہ سید علی مرتضی زیدی، علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین نے اہم موضوعات پر علماء کے اجتماع سے خطاب کیا جبکہ دینی مدارس کے طلبہ نے تلاوت اور نذرانہ عقیدت پیش کئے۔
اس موقع پر آیت اللہ رئیسی نے نومنتخب صدر علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین سے حلف لیا۔ بعدازاں نومنتخب صدر نے اپنی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔
نئی کابینہ کے اراکین میں مولانا شیخ سلیم، مولانا محمد حسین رئیسی، مولانا رضی حیدر زیدی، مولانا کاظم عباس نقوی، مولانا اصغر شہیدی، مولانا صادق رضا تقوی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا جواد نوری، مولانا احمد علی امینی، مولانا روشن علی اور مولانا علی محمد رحمانی شامل ہیں۔
علماء کے اس پروقار اجتماع میں کشمیر، یمن اور فلسطین سمیت تمام مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی، شیعہ لاپتہ افراد کی رہائی کا مطالبہ، ملک میں عدل و انصاف اور میرٹ کی بحالی، مرجعیت کی حمایت و دفاع کے عزم کا اعادہ کے حوالے سے قراردادیں منظور کی گئیں۔
آخر میں جنرل سیکریٹری علامہ سید رضی حیدر زیدی کی دعائیہ کلمات کے بعد ناظم محفل علامہ صادق رضا تقوی نے دعائے امام زمانہ (عج) سے سیمینار کا اختتام کیا۔ کراچی کے تمام مساجد، امام بارگاہوں، کے آئمہ جمعہ و جماعت،مدارس دینیہ کے مسئولین و مدرسین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ معزز علماء، مبلغین اور ذاکرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔