حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سلسلہ امامت کی چھٹی کڑی حضرت امام جعفر صادقؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے اہتمام سے گریند کلان بڈگام میں سالانہ مجلس عزاؑ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
تنظیم کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور احیائے دین و شریعت کے حوالے سے امام صادق ؑ کی گرانقدر خدمات اور لامثال قربانیوں کو یاد کیا گیا۔مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے حضرت امام جعفر صادقؑ کے سیرت و کردار اور علمی کمالات کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام ؑ کے سایہ سرپرستی میں مسلمانوں نے علوم اسلامی اور عرفان الٰہی کی وہ منزلیں طے کیں جن سے امت مسلمہ رہتی دنیا تک فیضیاب ہوتی رہے گی، امام جعفرصادقؑ کا دور امامت علم وآگہی کے ایک درخشندہ دور کی حیثیت سے تاریخ اسلام میں مرقوم ہے، آپکے علمی کمالات اور روحانی کرامات کے آگے وقت کے تمام علماء و فضلاء زانو ئے ادب تہہ کرتے رہے ادببت ہوتےرہے ۔
مولانا نے مزید کہا: آپؑ نے ہی تاریخ اسلام میں اولین اسلامی دانشگاہ قائم کی جہاں بیک وقت ہزاروں طالب علم آپؑ سے شرف تلمذحاصل کیا کرتے تھے۔ امام عال یمقامؑ حکومت وقت کی پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے تاکہ شریعت اسلامی کو حکومتی سطح پر چوٹ نہ پہنچائی جاسکے۔ امام عالی مقامؑ کی یہ روش وقت کے حکمرانوں کو انتہائی ناگوار گزری اور یہی روش امام عالیمقامؑ کی شہادت کا باعث بن گئی۔